زندگی ہے مختلف جذبوں کی ہمواری کا نام

زندگی ہے مختلف جذبوں کی ہمواری کا نام
آدمی ہے شلجم اور گاجر کی ترکاری کا نام


علم الماری کا مکتب چار دیواری کا نام
ملٹنؔ اک لٹھا ہے مومنؔ خان پنساری کا نام


اس نے کی پہلے پہل پیمائش صحرائے نجد
قیس ہے دراصل اک مشہور پنواڑی کا نام


عشق ہرجائی بھی ہو تو درد کم ہوتا نہیں
اک ذرا تبدیل ہو جاتا ہے بیماری کا نام


مدتوں نا دیدہ نا دیدہ نظر سے دیکھنا
عشق بھی ہے اک طرح کی چور بازاری کا نام


دل ہو یا دلیا ہو دانائی کہ بالائی ضمیر
زندگی ہے بعض اشیاء کی خریداری کا نام