زندگی دشت میں جب چھوڑ کے آتی ہے ہمیں

زندگی دشت میں جب چھوڑ کے آتی ہے ہمیں
تیری یادوں کی مہک ڈھونڈھ کے لاتی ہے ہمیں


رکھ دے آنکھوں پہ میری غفلتوں والا چشمہ
اس سے دنیا بڑی بہتر نظر آتی ہے ہمیں


ایک ہی تال میں ہر نبض کا چلتے رہنا
تم نہ سمجھو گے یہ ترتیب ڈراتی ہے ہمیں


درد تنہائی تڑپ سوز خلا بے چینی
لفظ کیا کیا یہ محبت بھی سکھاتی ہے ہمیں


جتنی مشکل سے نبھاتے ہیں محبت ہم تم
اتنی مشکل سے محبت بھی نبھاتی ہے ہمیں