یہ سڑک
کوئی آگے نہ پیچھے بہت دور تک
ایک لمبی سڑک
درمیاں میں کوئی سایہ چہرہ بکف
گویا تصویر تجرید ماحول کا کینوس
بے حد و بیکراں
اس پہ بجھتا ہوا رات کا کوئلہ
آگ کا رازداں
سارے پس منظروں کو سمیٹے ہوئے
جو دکھائی نہیں دے رہا وہ دھواں
اور سڑک جس کا کوئی سرا ہی نہیں
چل رہا ہوں بہت مدتوں سے یوں ہی
کوئی آگے نہ پیچھے بہت دور تک