یہ غازہ ہے کاجل ہے ابٹن ہے کیا ہے

یہ غازہ ہے کاجل ہے ابٹن ہے کیا ہے
یہ رنگ حنا داغ دامن ہے کیا ہے


لٹک ہے مٹک ہے جھٹک ہے ادا ہے
کھٹک ہے دھڑک ہے کہ دھڑکن ہے کیا ہے


حیا کی بہاریں ہیں رعنائیوں پر
یہ جلوہ ہے مستی ہے جوبن ہے کیا ہے


یہ پھیلی ہوئی خوشبوؤں کی گھٹائیں
یہ گیسو ہے کاکل ہے الجھن ہے کیا ہے


تبسم کی بجلی قیامت کی شوخی
یہ باراں ہے بادل ہے کڑکن ہے کیا ہے


جو ساز ستم ہر طرف بج رہا ہے
وہ پائل ہے چوڑی ہے کنگن ہے کیا ہے


یہ کیسی جگہ ہے کہ دل کھو رہا ہے
بیاباں ہے صحرا ہے گلشن ہے کیا ہے


کہوں میں کبھو شعر ایسا تو کہیے
شرارت ہے لغزش ہے بھٹکن ہے کیا ہے


جنوں کا اثر آہنؔ بے نوا پر
یہ جادو ہے ٹونا ہے بندھن ہے کیا ہے