آم کے 12 طبی فائدے
ذائقہ لاجواب،آنکھوں بھاتا رنگ،صحت افزا پھل ۔۔۔آپ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، بلڈ پریشر کی شکایت ہے، جلد کے مسائل کا شکار ہیں، نیند نہیں آتی،بالوں کے روکھے پن سے پریشان ہیں یا قوت مدافعت کم ہے۔۔۔۔سب کا ایک ہی علاج یعنی آم کھائیے۔
گرمی کا موسم ہو اور آم کا ذکر نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے۔ آم کوئی عام پھل نہیں، بلکہ پھلوں کا بادشاہ ہے۔ کوئی بھی پھل ذائقے، غذائیت، رنگ، جسامت اور وافر دستیابی جیسے پیرامیٹر کی بنیاد پر پسند کیا جاتا ہے۔ اگر ہم کسی پھل کو تمام پھلوں کا بادشاہ کہتے ہیں تو اس میں تمام خصوصیات ہونی چاہیں۔ تو لیجیے اس تعریف آم پورا اترتا ہے یعنی آم میں وٹامن اے ،بی،سی اور فائبر کے علاوہ 20 دیگر اجزا پائے جاتے ہیں جس کے مختلف طبی فوائد ہیں۔ اس لیے آم کو پھلوں کا بادشاہ کہنے کی سب سے بڑی وجہ اس کا صحت بخش ہونا ہے۔
پاکستان میں گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی آم کا انتظار ہونے لگتا ہے۔ ہمارے ایک دوست ہیں کہ گرمی کا موسم ہو تو ساتھ کچی لسی اور آم ہوں۔۔۔اور بہت سارے ہوں۔ آم منفرد ذائقے، خوشبو کے ساتھ غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ اس میں میگنیشیم اور پوٹاشیم کی کافی مقدار ہونے کی وجہ سے یہ ہائی بلڈ پریشر کے لیے مفید ہے۔ آم وٹامنز کا پاور ہاؤس ہوتا ہے، اس میں وٹامن اے، سی، ای اور کے موجود ہوتا ہے۔ آئیے ہم دیکھتے ہیں کہ آم صحت کے لیے کس طرح مفید ہے اور اس کے کون کون سے طبے فائدے ہیں:
1۔ اینٹی آکسیڈینٹ: جسم میں فاضل مادوں کو مار بھگانے والا
آم میں موجود اینٹی آکسیڈیںٹ جسم میں فری ریڈیکلز کو غیر موئثر کردیتے ہیں۔ ہمارے جسم میں ماحولیاتی اثر یا کسی دباؤ کی وجہ سے غیر مستحکم جسمیے پیدا ہوجاتے ہیں جن فری ریڈیکلز بھی کہا جاتا ہے۔ آم ان جسمیوں سے جسم کو محفوظ بناتا ہے اور کینسر، امراض قل ب اور جلد بوڑھا ہوجانے جیسے عارضوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ روزانہ دو یا تین آم کھانے سے وٹامن سی کی مطلوبہ مقدار پوری ہوجاتی ہے۔
2۔ آنکھوں کی روشنی کو رکھے سدا بہار
آم میں موجود وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین آنکھوں کی روشنی کے لیے بہت مفید ہوتا ہے۔ اس کا ایک کپ گودا روزانہ کھانے سے وٹامن اے کی ایک تہائی ضرورت پوری کرتا ہے۔
3۔ آم کھانے سے سب کچھ ہضم ہوجائے
آم ہاضمے کو بھی ٹھیک رکھتا ہے۔ آم میں ہاضمے کے اینزائمز ہوتے ہیں، اسی طرح آم میں موجود بائیو ایکٹو اجزا جیسے ایسٹرز، ٹرپینز اور ایلڈی ہائیڈز بھوک بڑھاتے ہیں اور ہاضمے کو ٹھیک رکھتے ہیں۔
4۔ آم ماں کی صحت کا ضامن پھل
آم حاملہ خواتین کے لیے بھی فائد مند ہوتا ہے۔ ڈاکٹر عموماً حاملہ خواتین کے لیے آئرن سپلیمنٹ یا وٹامن تجویز کرتے ہیں، آم میں کے لیے اس غذائی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ حمل کے دوران منہ کا ذائقے کی حساسیت کم ہوجاتی ہے۔ لیکن آم کی خوشبو اور ذائقہ آپ کو کھانے پر مجبور کردیتا ہے۔
5۔ جلد کو گورا اور صاف رکھنے کے لیے
آم ہماری جلد کو تروتازہ اور گورا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ آم میں جلد کے لیے ضروری وٹامن اے اور سی موجود ہوتے ہیں۔ الٹراوائلٹ شعاعوں کے اثرات سے بھی جلد کو محفوظ رکھتا ہے۔
6۔ جلد کو تروتازہ رکھنے والا قدرتی ٹوٹکا
آم جلد کے پوروں کو بند کرنے اور چہرے کو تروتازہ رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے لیے کئی طریقے اختیار کیے جاسکتے ہیں جیسے:
1۔آم کے پتلے پتلے ٹکڑے 10 سے 15 منٹ چہرے پر رکھیں اور منھہ دھولیں۔ اس طرح روزانہ عمل دہرانے سے چہرے کے نکھار میں اضافہ ہوگا۔
2۔ آم ، دودھ اور شہد کے پسیٹ کو باڈی اسکرب کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ پیسٹ لگانے سے جلد نرم اور ہموار ہوجاتی ہے۔
7۔ چہرے پر آم لگانے کیل مہاسے دور
خواتین کے لیے چہرے کی کیل مہاسوں کے علاج کے لیے آم کا گودا بہترین اور موئثر ٹوٹکا ہے۔
8۔ آم کھاؤ عمر بڑھاؤ
آم میں کئی ایسے اجزا ہوتے ہیں جو جلد کو بوڑھا ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ایک کپ آم میں وٹامن سی کی اتنی مقدار ہوتی جو ایک دن میں 75 فیصد ضرورت کو پورا کرتی ہے۔ وٹامن سی کولاجن بافت(ٹشو) پیدا کرنے کے ضروری ہوتا ہے۔ یہ ٹشو کی ایک قسم ہے جو جلد کو لچک دیتے ہیں اور چہرے پر جھریوں کو روکنے میں مدد دیتی ہے۔
9۔ آم سے بال ہوجائیں خاص
آم بالوں کے لیے بھی بہترین ہوتا ہے کیوں کہ اس میں وٹامن اے ہوتا ہے جو سیبم (سی بم) کی پیداوار کے لیے ضرور جزو ہے۔ سیبم بالوں کو نمی بخشتا ہے۔ مزید ازاں وٹامن جلد اور بالوں سمیت جسمانی ٹشوز کی نشو ونما کے لیے بھی ضروری ہوتا ہے۔ جیسا کہ پہلے عرض کیا گیا کہ وٹامن کولاجن ٹشو کے لیے لازمی ہوتا ہے جو جلد اور بالوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
10۔ گرمی میں دماغ کو ٹھنڈا رکھے
دماغی صحت کے لیے ضروری غذائی جزو وٹامن بی 6 آم میں وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ وٹامن بی 6 اور دوسرے بی وٹامنز دماغی نیوروٹرانسمیٹرز کو فعال رکھنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ مزید ازاں نیند کو باقاعدہ رکھنے میں بھی یہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اگر آپ آم کو غذا کا حصہ بناتے ہیں تو آپ ذہنی طور پر صحت مند اور فعال رہیں گے۔ آم میں گلوٹامن ایسڈ یادداشت کو بہتر بناتا ہے۔
11۔ آم کھانے سے قوت مدافعت بڑھ جائے
ہمارے جسم کو ناپسندیدہ خردنامیوں (مائکروآرگنزم) اور دیگر نقصان دہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے قدرتی طور پر قوت مدافعت کا نظام موجود ہے۔ آم میں وٹامن اے اور وٹامن سی کی وافر مقدار کے ساتھ 25 سے زائد قسم کے کیروٹینائیڈز مدافعتی نظام کو مضبوط اور صحت مند رکھتے ہیں۔
12۔ کلیسٹرول میں کمی لائے
وٹامن سی اور فائبر کی وافر مقدار ہونے کی وجہ سے آم جسم میں کلیسٹرول کو کم رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ آم میں موجود فائبر، پوٹاشیم اور وٹامنز دل کی بیماریوں اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ دل کو صحت مند رکھنے میں آم سے بہتر کچھ نہیں۔