تم سچ میں بہت اچھی ہو

تمہارا یہ پیار بھرا جملہ
مجھے زندگی جینا آسان بناتا ہے
میری کمہلائی ہوئی زندگی کو
تر و تازگی سی بخشتا ہے
تمہارے پیار بھرے الفاظ
کانوں میں رس گھولنے لگتے ہیں
آنکھوں میں اک چمک سی آ جاتی ہے
ہونٹوں پہ مسکان چھا جاتی ہے
تم جب بھی مجھ سے یہ کہتے ہو کہ
تم سچ میں بہت اچھی ہو
میری بے جان سی روح میں جان آ جاتی ہے
میں اپنا دکھ درد بھول جاتی ہوں
اپنی ہی ذات کے گنبد میں قید
چہکنے لگتی ہوں مہکنے لگتی ہوں
تم جب بھی مجھ سے یہ کہتے ہو کہ
تم سچ میں بہت اچھی ہو
تمہاری یاد میں کھوئی کھوئی سی
تمہارے پیار کی خوشبو سے معطر
میں لمحوں میں صدیاں جی لیتی ہوں
ہاں لمحوں میں صدیاں جی لیتی ہوں
اور پھر میں سوچنے لگتی ہوں
مجھے ایسا لگتا ہے کہ
گر میں بہت اچھی ہوں تو
مجھے دیکھنے والی وہ آنکھیں
دراصل بے حد دل کش ہیں
وہ دل جس میں میں بستی ہوں
بے انتہا خوب صورت ہے
مجھے جینے کا حوصلہ دینے والی
تمہاری پیار بھری سوچ
سچ میں بہت اچھی ہے
سچ تو یہ ہے کہ
میں نہیں تم بہت اچھے ہو
تم سچ میں بہت اچھے ہو
ہاں تم بہت ہی اچھے ہو