تم نین کے دونوں پٹ میرے لیے وا رکھنا
تم نین کے دونوں پٹ میرے لیے وا رکھنا
میں جلد ہی لوٹوں گا دروازہ کھلا رکھنا
جو کہنا ہو کہہ ڈالو ہو جائے گا جی ہلکا
جو بات ہے کہنے کی دل میں اسے کیا رکھنا
ہے زندہ دلی دولت سب خرچ نہ کر دینا
شاید کبھی کام آئے تھوڑی سی بچا رکھنا
ہلکی سی کمی کرنا کل کمرے کی زینت میں
تصویر ہٹا دینا آئنہ لگا رکھنا
سامان سفر پیارے کیا ساتھ نہ لوں کیا لوں
اک شب کا مسافر ہوں کیا چھوڑنا کیا رکھنا
قسطوں میں نذیرؔ ان سے حال غم دل کہنا
کچھ آج سنا دینا کچھ کل پہ اٹھا رکھنا