تجھے کل ہی سے نہیں بے کلی نہ کچھ آج ہی سے رہا قلق
تجھے کل ہی سے نہیں بے کلی نہ کچھ آج ہی سے رہا قلق
تری عمر ساری یوں ہی کٹی تو ہمیشہ یوں ہی جیا قلقؔ
ہوا دل کے جانے کا اب یقیں کہ وہ درد بر میں مرے نہیں
نہ وہ اضطراب قضا کہیں نہ وہ حشر خیز بلا قلقؔ
مجھے حشر کر دیا بیٹھنا مجھے قہر ہو گیا ٹھہرنا
ہے بسان صبر گریز پا نہیں غم گسار مرا قلق
انہیں نالہ کرنے کا رنج کیا انہیں آہ بھرنے کا رنج کیا
انہیں میرے مرنے کا رنج کیا انہیں میرے جانے کا کیا قلق
یہی رشک نے دیے مشورے کبھی پردہ ان کا نہ کھولیے
مرے جی ہی جی میں پھرا کیے مرے دل ہی دل میں رہا قلق
نہ تو روئے غیر نہ گھر رہے نہ شب فراق میں مر رہے
نہ وفا کرے نہ ستم سہے نہ جفا ہوئی نہ ہوا قلق
نہ وہ میں رہا نہ وہ تو رہا نہ وہ آرزو نہ وہ مدعا
ہوا زندگی کا بھی فیصلہ مگر ایک تیرا رہا قلق
رہے لاکھ صدمے نفس نفس جیے کیوں کہ کوئی پرائے بس
شب وصل مرنے کی تھی ہوس شب ہجر جینے کا تھا قلق
نہیں چین ان کو بھی ایک دم کہ ہے فکر جور کا غم سا غم
ہوئے مجھ پہ روز نئے ستم رہا ان کو روز نیا قلق
کرے ربط کوئی کسی سے کیا کہ اٹھا طریق نباہ کا
نہ کرے گی تجھ سے وفا جفا نہ کرے گا مجھ سے وفا قلق
میں جلا تو شعلے میں جوش تھا جو ہوا میں خاک ہے زلزلہ
میں ہزار شکل بدل چکا پہ کسی طرح نہ چھپا قلق
نہیں تیرے پھرنے کا کچھ گلہ کہ زمانہ سارا بدل گیا
جو شب وصال میں چین تھا وہی روز ہجر بنا قلق
وہ ہے التفات دم ستم کہ زیادہ اس سے نہیں کرم
مرے چاک دل کا رفو الم مرے درد جاں کی دوا قلق
گئے واں بھی پر نہ گھٹا الم چھٹے سب سے پر نہ چھٹا الم
مرے پاس سے نہ ہٹا الم مرے ساتھ سے نہ ٹلا قلق
ابھی تھا صلاۓ زن سبق ابھی تھی کتاب ورق ورق
کبھی مدرسے میں رہا قلقؔ کبھی میکدے میں رہا قلقؔ