ترے کوچے کا رہ نما چاہتا ہوں
ترے کوچے کا رہ نما چاہتا ہوں
مگر غیر کا نقش پا چاہتا ہوں
جہاں تک ہو تجھ سے جفا چاہتا ہوں
کہ میں امتحان وفا چاہتا ہوں
خدا سے ترا چاہنا چاہتا ہوں
میرا چاہنا دیکھ کیا چاہتا ہوں
کہاں رنگ وحدت کہاں ذوق وصلت
میں اپنے کو تجھ سے جدا چاہتا ہوں
برابر رہی حد یار و محبت
کسی کو میں بے انتہا چاہتا ہوں
کہاں ہے تری برق جوش تجلی
کہ میں ساز و برگ فنا چاہتا ہوں
وہ جب کھو چکے مجھ کو ہستی سے اپنی
تو کہتے ہیں اب میں ملا چاہتا ہوں
جنون محبت میں پند عدو کیا
بھلا میں کسی کا برا چاہتا ہوں
طبیعت کی مشکل پسندی تو دیکھو
حسینوں سے ترک وفا چاہتا ہوں
جو دل میں نے چاہا تو کیا خاک چاہا
کہ دل بھی تو بے مدعا چاہتا ہوں
یہ حسرت کی لذت یہ ذوق تمنا
شب وصل ان سے حیا چاہتا ہوں
سوا اس کے میں کیا کہوں تم سے آسیؔ
کہ درویش ہو تم دعا چاہتا ہوں