کیا ٹک ٹاک دوسرے سوشل میڈیا نیٹ ورکس سے زیادہ مقبول ہے؟
ٹک ٹاک اور ایپل سے سوشل میڈیا اور موبائل فون کمپنیاں کیوں پریشان ہیں؟ کیا ٹک ٹاک نے دوسرے سوشل میڈیا نیٹ ورک کو پچھاڑ دیا ہے؟ ٹک ٹاک کی مقبولیت کی بنیادی وجہ کیا ہے؟ آئیے کھوج لگاتے ہیں۔
سوشل میڈیا ایپس اظہارِ رائے کے مقبول پلیٹ فارمز ہیں جو اب ہماری زندگی کا اٹوٹ حصہ بن چکے ہیں ۔آئندہ وقتوں میں جنگیں ان محاذوں پر لڑی جائیں گی ۔ سوچ ، نظریے اور آئیڈیالوجی کا اسی محاذ سے حیات پایا کریں گے اور اسی محاذ پر دفن ہوا کریں گے ۔۔۔ یہ جنگ اشتہارات کی جنگ ہے جو ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین کی بجائے منتظمین کے مابین جاری و ساری ہے ۔ یہ جنگ ان پلیٹ فارمز کے اپنے وجود کی بقاء کی جنگ ہے ۔ انس سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکے لیے اشتہارات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ۔ کسی سوشل میڈیا ویب سائٹ کو اشتہارات ملنا بند ہو جائیں تو اس کے لیے اپنا وجود برقرار رکھنا کھٹائی میں پڑسکتا ہے۔
ٹک ٹاک نے اپنےمقابل حریفوںفیس بُک ، ٹویٹر ، انسٹاگرام گرام اور سنیپ چیٹ وغیرہ کو مارکیٹنگ کے میدان میں ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ ٹک ٹاک اپنے دلچسپ اور مختصر دورانیے جیسے فیچرز کی وجہ سے مقبولیت میں دوسرے پلیٹ فارم سے آگے نکل چکا ہے۔
ایڈورٹائزنگ کے شعبے میں اب ٹرینڈز بدل رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر اب بڑی بڑی کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کے لیے اب مین سٹریم میڈیا کی بجائے سوشل میڈیا کا رخ کر رہی ہیں ۔ رائٹرز کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 2021 میں امریکہ میں ایڈورٹائزنگ کے شعبے میں سوشل میڈیا پر مصنوعات کی تشہیر میں 36 فیصد حیران کن اضافہ سامنے آیا ۔ لیکن رواں برس میڈیا انٹیلیجنس کمپنی میگنا (MAGNA) نے سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ میں اضافے کی شرح 11 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے تجزیہ کارفیس بک، انسٹاگرام وغیرہ جیسے سوشل میڈیا کے ایڈورٹائزنگ ریوینیو میں کمی کی وجہ ٹک ٹاک کی مقبولیت اور ایپل کمپنی کے شرائط وضوابط میں تبدیلیاں بتا رہے ہیں ۔ان پلیٹ فارمز نے اپنی کمائی میں کمی کی وجہ سے اس برس اپنے اخراجات میں بھی کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میٹا پلیٹ فارم (فیس بک)نے اس سال سوفٹ ویئر انجینئرز کو ملازمت پر رکھنے میں 30 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے ۔میٹا کے سربراہ زوکربرگ نے اس صورت حال کو تاریخ کا بدترین بحران قرار دیا ہے۔
میٹا نے اس سال دس ہزار نئے سوفٹ ویئر انجینئرز کو ملازمت دینے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی تاہم آمدن میں گراوٹ کے پیشِ نظر اب چھئ سات ہزار انجینئرز کو ملازمت پر رکھا جائے گا ۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران سنیپ چیٹ کمپنی کی آمدن میں بھی گراوٹ دیکھی گئی ہے ۔ اس حوالے سے سنیپ چیٹ کے سی ای او ایوان سپیگل کا کہنا تھا:
"دوسرے ادروں کی طرح ہمیں بھی ہوشربا مہنگائی، سود کی شرح میں اضافے،رسد میں کمی اور افرادی قوت کی دستیابی میں خلل، پلیٹ فارم پالیسیوں میں ہوتی تبدیلیوں اور (روس) یوکرین جنگ وغیرہ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔"
لائئر ایلڈن (Lior Eldan) جو موبرسٹ (Moburst) نامی موبائل ایپ مارکیٹنگ کمپنی کے سی ای او ہیں ، ان کے مطابق رواں سال مارکیٹنگ کے لیے اپیل ایڈ میں دو سے تین گنا زیادہ خرچ کیا گیا جس کی وجہ ایپل ایڈ پر دیئے جانے والے اشتہارات کا زیادہ مؤثر ہونا ہے ۔ اسی طرح ٹک ٹاک کی آمدن میں بھی 200 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ اس وقت ٹک ٹاک 12 بلین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کی حامل ہے ۔
اس وقت جب کہ اکثر سوشل میڈیا کمپنیوں کی آمدن میں کمی سامنے آ رہی ہے ایپل اور ٹک ٹاک کے ریوینیو میں اضافہ اس بات کا غماز ہے کہ ٹک ٹاک نے ان روا؎یتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھرپور ٹکر دی ہے اس لیے اب ان کو بھی اپنے پیٹرن میں کچھ تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔" یو ٹیوب شارٹس " اور "فیس بک واچ" کے فیچرز کا متعارف ہونا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔