ٹیکسٹ نیک: کیا ہے؟ اس سے بچاؤ کی تدابیر
آج کل سمارٹ فون کا استعمال بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل گھنٹوں سوشل میڈیا پر مصروف رہتی ہے۔موبائل استعمال کرتے ہوئے احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے گردن کے نہروں کی تکلیف میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ سمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے مسلسل گردن جھکائے رکھنے سے گردن میں تکلیف کی شکایت رہتی ہے۔۔۔اسے ٹیکسٹ نیک کہا جاتا ہے۔۔۔۔آج آپ کو اس متعلق اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔
کیا آپ "ٹیکسٹ نیک" (TextNeck) کے بارے میں جانتے ہیں؟
یہ سمارٹ ورلڈ کا دور ہے۔سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال جہاں سہولت، آسانی اور ابلاغ میں تیزی کا باعث بنا ہے، وہاں منفی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں ۔ان میں سے ایک سمارٹ ڈیوائسز (سمارٹ فون، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ وغیرہ) کا بے تحاشا اور آؤٹ آف مینرز استعمال کی وجہ سے "ٹیکسٹ نیک" کے مرض میں اضافہ بھی شامل ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق 79 فیصد افراد جن کی عمر 18 تا 44 برس کے درمیان ہے "ٹیکسٹ نیک" کا شکار ہیں۔یہ لوگ روزانہ کم از کم دو گھنٹے مسلسل سمارٹ ڈیوائسز کو استعمال کرتے ہوئے گردن جھکائے رکھتے ہیں ۔ایک پاکستانی ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے پاس ٹیکسٹ نیک کی شکایت لیے مریضوں میں سے 7 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔ یہ نہایت تشویش ناک صورت حال ہے۔
ٹیکسٹ نیک کیا ہے؟
سمارٹ فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہوئے مسلسل گردن جھکائے رکھنے سے سر، گردن اور ریڑھ کی ہڈی (سپائن) میں تکلیف اور درد کے پیدا ہونے کو ٹیکسٹ نیک(Text Neck)کہتے ہیں۔
ٹیکسٹ نیک کی علامات:
1۔ گردن کے پچھلے حصے (بیک نیک) یعنی گُدی میں کھنچاؤ اور مسلسل درد رہنا
2۔ کندھے میں کھنچاؤ اور درد، کندھے کے پٹھوں اور نروس میں درد اور جھکاؤ
3۔ سرویکل نروز میں درد اور کھچاؤ رہنے لگتا ہے جو بازو اور ہاتھ کو شل/درد کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔(سرویکل نروز یعنی گردنی اعصابیے جو گردن اور جسم کے دوسرے حصوں کو ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ جوڑتے ہیں یہ جسم کے توازن کو برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔)
ٹیکسٹ نیک کا علاج اور احتیاطی تدابیر:
درج ذیل میں ٹیکسٹ نیک سے نمٹنے کے لیے ماہرین کی طرف سے چند تجاویز دی جارہی ہیں:
1۔سمارٹ فون اپنی آنکھوں کے برابر سطح (آئی لیول) پر استعمال کریں۔
2۔دوسری سمارٹ ڈیوائسز یعنی لیپ ٹاپ، ٹی وی یا ٹیبلٹ کو بھی اپنی آنکھوں یا کندھے کی سطح پر رکھیں۔
3۔سمارٹ ڈیوائسز کے استعمال کے دوان مناسب وقفے ضروررکھیں ہر 20 یا 30 منٹس بعد تھوڑی دیر کے لیے آرام کریں۔
4۔خصوصاً نوجوانوں سے گزارش ہے کہ مسلسل ٹیکسٹنگ کرنے سے گریز کریں ،لیٹ کر یا جھک کر سمارٹ فون استعمال نہ کریں۔
5۔آفس میں کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کو ایسی پوزیشن میں رکھیں کہ وہ آنکھوں یا کندھے کی سیدھ میں ہوں۔ جھک کر یا ٹیک لگا کر کام نہ کریں۔
6۔بیٹھنے کا پوسچر بھی درست رکھیں یعنی سر کو گردن اور سپائن کے سٹریٹ (straight) رکھیں۔
سمارٹ بنیے ، لیکن جسم کو بھی سمارٹ بنائیے۔