تیری صحبت میں بیٹھا ہوں

تیری صحبت میں بیٹھا ہوں
گویا جنت میں بیٹھا ہوں


دیوار زنداں کے پیچھے
جرم محبت میں بیٹھا ہوں


ایک آواز پہ آ جاؤں گا
جیسی حالت میں بیٹھا ہوں


آ جاؤ دو باتیں کر لیں
قدرے فرصت میں بیٹھا ہوں


بیٹھا ہوں تصویر کے آگے
اور حقیقت میں بیٹھا ہوں


ایک جھلک دیکھی تھی اس کی
اب تک حیرت میں بیٹھا ہوں


دیکھ شعورؔ اس بت کے آگے
کیسے عبادت میں بیٹھا ہوں