طبع عشرت پسند رکھتا ہوں
طبع عشرت پسند رکھتا ہوں
اک دل دردمند رکھتا ہوں
بہت کہتا نہیں میں پستی کو
اپنی فطرت بلند رکھتا ہوں
چشم باطن سے دیکھتا ہوں میں
چشم ظاہر کو بند رکھتا ہوں
لفظ شیریں ہیں اور معنی تلخ
زہر آمیز قند رکھتا ہوں
کامیابی محال ہے اخترؔ
ذوق اتنا بلند رکھتا ہوں