سنو سہیلی

سنو سہیلی کہوں پہیلی
ہے جو کوئی بوجھے
سوچو سمجھو اور پھر پوچھو
اگر تمہیں نا سوجھے
سوچ سمجھ کر کہنا سننا
اپنا ایک اصول
پھولوں میں ہے سب سے پیارا
بھلا کون سا پھول
سوسن ٹیسو کمل موتیا
رات کی رانی چمپا
نہ نہ سورج مکھی چنبیلی
دن کا راجہ گیندا
ان کا کیا ہے مرجھائیں تو
خاک بنیں یا دھول
کپڑا بن کر جو تن ڈھانکے
وہ کپاس کا پھول
دیکھ بھال کر جانچ پرکھ کر
کہنا سچی بات
دھاتوں میں ہے بڑے کام کی
بھلا کون سی دھات
جس سے بنتی تھال کٹوری
گاگر پیتل تانبا
جھانجر جھومر جھمکا بن کے
جھمکے چاندی سونا
انجن موٹر اور مشینیں
جس نے کیں ایجاد
دھاتوں میں ہے سب سے اعلیٰ
لوہا اور فولاد
اندر باہر ایک رہے جو
کبھی نہ بدلے بھیس
دنیا بھر میں سب سے پیارا
بھلا کون سا دیس
پیار محبت امن شانتی
جس دھرتی کی شان
سب سے پیارا سب سے نیارا
اپنا ہندوستان