سبو اٹھا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے

سبو اٹھا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے
نظر ملا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


کہ تو منائے مجھے اس لئے میں روٹھا ہوں
مجھے منا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


ہے میری جان مری جاں ترے تبسم میں
تو مسکرا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


شب وصال کی خوشبو فضا کی رنگینی
کہیں سے لا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


کسی بہار کا نغمہ کوئی سہانی غزل
تو گنگنا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


پھر اک فریب میں یہ شب گزر نہ جائے کہیں
قسم نہ کھا مرے ساقی کہ رات جاتی ہے


قریب ہو کے بھی عازمؔ کے تو قریب نہیں
پلٹ کے آ مرے ساقی کہ رات جاتی ہے