چودہ جون کو 'سٹرابری' سُپر مون دیکھنا نہ بھولیے گا
14 جون کو دنیا بھر میں "سٹرابری سپُر مون" کا مشاہدہ کیا جائے گا یعنی چاند اپنی پوری جولانی کے ساتھ آسمان پر روشن ہوگا۔سُپرمون دراصل چودھویں کا چاند ہوتا ہے لیکن معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے۔فُل مون کب سُپر مون بنتا ہے؟ کیا سٹرابری سُپرمون "گلابی یا سرخ رنگ" کا ہوگا؟ پاکستان میں سُپر مون کب دیکھا جاسکے گا؟ چاند کے کتنے نام ہیں؟ یہ سب جانیے اس تحریر میں۔
رات کے سحر میں ڈوبے لمحات کی اگر منظر کشی کرنا مقصود ہو تو چاند کے ذکر کے بغیر یہ ناممکن ہے ۔ چاند اور رات کبھی کبھی تو لازم و ملزوم محسوس ہوتے ہیں حالانکہ راتوں میں ایک رات اماوس کی رات بھی ہوتی ہے جو چاند کے وجود سے بے بہرہ ہوتی ہے لیکن عمومی طور پر رات میں چاند ہونا ہی اسے رات بناتا ہے ۔ چاند کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے وارد ہونے والی راتوں میں سے ایک چودھویں کی رات بھی ہوتی ہے جب چاند کا حسن اپنے جوبن پر ہوتا ہے ۔ یہ چودھویں کی رات شاعروں کے لیے حسن یار کی یاد تازہ کرنے کا بہانہ ٹھہرتی ہے۔۔
جس کو کہتے ہیں چودھویں کا چاند
تیری تصویر ہے جوانی کی
(حیدر علی آتش )
سُپر مون کس چاند کو کہتے ہیں؟
ان چودھویں کی راتوں میں ایک رات ایسی بھی ہوتی ہے جب چاند عام پورے چاند کی راتوں سے زیادہ روشن اور تابناک نظر آتا ہے۔ اس رات چاند کا سائز بھی چودھویں رات کے چاند سے نسبتاً زیادہ بڑا ہوتا ہے۔ اس چودھویں کے چاند کو سپر مون کہا جاتا ہے۔ اس چودھویں رات چاند کی یہ زیادہ غیر معمولی روشنی اور جسامت اس وجہ سے ہوتی ہے کہ چاند زمین کے انتہائی قریب سے گزرتا ہے۔ سپر مون کی اصطلاح سب سے پہلے رچرڈ نال(Richard Nolle) نے 1979میں استعمال کی جو بعد میں اس قسم کے غیر معمولی روشنی اور جسامت کے حامل چودھویں کے چاند کے لیے مروج ہو گئی جو ان راتوں میں نظر آتا ہے جب چاند زمین کے قریب ترین ہوتا ہے۔
سٹرابری سُپر مون "گلابی" نہیں ہوگا
اس سال سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ نصف جون اور نصف جولائی کی راتوں کے چاند بھی سپر مون ہوں گے۔ 14 جون 2022 کے سپر مون کو یہ بھی انفرادیت حاصل ہو گی کہ یہ چینی کیلنڈر کے پانچویں مہینے، عبرانی کیلنڈر کے مہینے سیوان (Sivan)، اور اسلامی کیلنڈر کے مہینے ذوالقعدہ کے نصف میں آ رہا ہے۔
رواں برس 14جون کے سپر مون کو "سٹرابیری سپر مون" کا نام دیا گیا ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ضرور اس بار سپر مون کی کچھ نہ کچھ مشابہت سٹرابیری سے ضرور ہو گی لیکن حقیقت اس سے مختلف ہے۔ دراصل سپر مون کو سٹرابیری کے پھل سے نہیں بلکہ سٹرابیری پھل کے موسم یا سیزن سے نسبت کی وجہ سے اس سپر مون کو سٹرابیری سپر مون کا نام دیا گیا ہے۔
ناسا کی ایک رپورٹ کے مطابق سٹرابری سپر مون معمول سے 7 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔
ایک چاند کئی نام
دنیا کی بہت سی تہذیبوں میں پورے چاند کی راتوں کے باقاعدہ نام موجود ہیں۔ سال کے بارہ ماہ کی بارہ چودھویں راتوں کے لیے الگ الگ نام رکھے گئے ہیں۔ ( اس موضوع پر ایک علیحدہ سے مضمون جلد تحریر کیا جائے گا)۔ سٹرابیری مون کی اصطلاح قدیم مقامی امریکیوں کے قبیلے الگانقوین (Algonquin) سے آئی ہے۔ یہ قبیلہ اپنی موتیوں کے لیے رغبت کی وجہ سے مشہور تھا کیونکہ اس کے لوگ زیادہ تر اپنے لباس موتیوں سے سجایا کرتے تھے۔ اس قبیلے میں جون کے مہینے میں سٹرابیری کی فصل کا سیزن ہوا کرتا تھا۔ جون کی چودھویں رات یہ لوگ ایک دعوت کا اہتمام کیا کرتے تھے اور سٹرابیری کے سیزن کی مناسبت سے اس رات کے روشن روشن پورے چاند کو " سٹرابیری مون" کہا کرتے تھے۔ اس سال کا سپر مون چونکہ سٹرابیری مون بھی ہے اس لیے اسے سٹرابیری سپر مون کا نام دیا گیا ہے۔
پاکستان میں سپرمون کب نظر آئے گا؟
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا (NASA) کے مطابق بدھ کے روز امریکہ میں چاند زمین کے قریب ترین نظر آئے گا۔ ایک اچھی دوربین با اچھے موبائل کے کیمرے سے آپ چاند کی سطح پر موجود پہاڑوں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ امریکہ کے وقت کے مطابق بدھ کی رات 1 بج کر 23 منٹ پر چاند کا فاصلہ زمین سے انتہائی کم ہو گا۔جبکہ پاکستان میں منگل (14 جون) کی رات ساڑھے گیارہ اور بارہ بجے کے درمیان مکمل روشن چاند کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔
سائنس دانوں کے مطابق اس سال تین سپر مون ہوں گے جن میں نصف جون کو ہونے والا سپر مون سب سے زیادہ روشن اور بڑا ہو گا۔
اس تحریر کو ویڈیو کی صورت میں ملاحظہ کیجیے: