اسپورٹس کارنر : انتیس دسمبر
کھیلوں کی خبریں
انڈر 19 ایشیا کپ:
انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا سیمی فائنل ہوگا سری لنکا سے ۔ جب کہ فائنل کے لیے دوڑ میں بھارت کا مقابلہ ہو گا بنگلہ دیش سے۔
یہ دونوں میچ کل 10:30 بجے شروع ہوں گے۔
گزشتہ کل کھیلے گئے گروپ بی کے آخری میچ میں جب بنگلہ دیش کی ٹیم نے 32.4 اوورز میں 129 رنز بنائے تھے 4 وکٹ کھو کر تو اس موقع پر یہ پتہ چلا کہ میچ کے 2 آفیشلز کوویڈ پازیٹیو ہیں۔ اس لئے فوری میچ روک کر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، اور میچ وہیں ختم کر دیا گیا۔
بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش نے گروپ بی میں ٹاپ کیا۔
ساؤتھ افریقہ بمقابلہ انڈیا سنچورین ٹیسٹ:
سنچورین ٹیسٹ کا دوسرا دن تو مکمل بارش کی نظر ہوا تھا لیکن تیسرا دن کافی ہنگامہ خیز رہا اور پورے دن میں 18 وکٹیں گِریں۔
پہلے ساؤتھ افریقہ کے فاسٹ باؤلرز نگیدی اور ربادا نے پہلے دن کی مضبوط پوزیشن پر کھڑی انڈیا کی ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے روکا اور تیسرے دن صرف 55 رنز کے اضافے سے پوری ٹیم کو آؤٹ کر دیا۔
نگیدی نے 71 رنز دے کر 6 کھلاڑی آؤٹ کئے اور ربادا نے 72 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی بیٹنگ میں ساؤتھ افریقہ کی پوری ٹیم 197 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اور اس تباہی کے ذمے دار تھے محمد شامی جنہوں نے 44 رنز دے کر 5 کھلاڑی آؤٹ کئے، جب کہ دو دو وکٹیں بمرا اور ٹھاکر کے حصے میں بھی آئیں۔
انڈیا نے دوسری باری میں 16 رنز بنا لئے تھے ایک وکٹ کھو کر، آؤٹ ہونے والے بیٹسمین میانک اگروال تھے۔
سنچورین میں آج موسم بالکل صاف رہنے کی اُمید ہے اور یہ اُمید ہے کہ آج پورا دن کھیل ہوگا، البتہ میچ کے آخری دن پھر بارش کا امکان ہے۔
میچ میں بھارت کی گرفت مضبوط ہے اور بظاہر بھارت کے ہی یہ ٹیسٹ میچ جیت جانے کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر:
آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کے لئے چار کھلاڑیوں کو شارٹ لِسٹ کیا ہے اور وہ چار کھلاڑی ہیں۔ جوئے روٹ (انگلینڈ)، روی چندرن ایشون (انڈیا)
، کائل جیمیسن (نیوزی لینڈ)اور کرونا رتنے (سری لنکا)
دوبئی گلوب سوکر ایوارڈ:
مشہورِ زمانہ دُبئی گلوب سوکر ایوارڈ کا بارہواں ایڈیشن ہوا کل دوبئی میں۔
اور مینز پلئیر آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا گیا کلیان امباپے کو۔
میرا ڈونا ایوارڈ دیا گیا لیونڈوسکی کو۔
آل ٹائم گول سکورر کا ایوارڈ رہا کرسٹیانو رونالڈو کے نام۔
جب کہ مینز فٹبال کلب آف دی ائیر کا ایوارڈ ملا چیلسی فٹبال کلب کو۔
انگلش پریمئیر لیگ:
کل کھیلے گئے 4 میچوں میں کرسٹل پیلس نے ناروچ کو ہرایا تین صفر سے، ٹوٹنہم اور ساؤتھمپٹن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، ویسٹ ہام نے ویٹ فورڈ کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔
اور کل کھیلے جانے والے آخری میچ میں 34 میچز سے ناقابلِ شکست لیورپول کو لیسٹر سٹی کے ہاتھوں 1 گول سے شکست ہوگئی۔
اور اگر آج رات ہونے والے میچ میں چیلسی نے بریگٹن کو ہرا دیا تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن چھین لے گا لیورپول سے، رات ایک بجے ایک اور میچ بھی ہونا ہے ، مانچسٹر سٹی بمقابلہ برینٹ فورڈ۔
فٹبال سے ایک افسوس ناک خبر:
لیجنڈری فٹبالر میرا ڈونا کے چھوٹے بھائی ہیوگو میرا ڈونا ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال کر گئے، ہیوگو میرا ڈونا کی عمر 52 سال تھی اور وہ بھی پروفیشنل فٹبالر تھے۔
آخری خبر ٹینس سے:
سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن سے خبر ہے کہ آسٹریا کے ڈومینیک تھیم اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں وہ کلائی کی انجری کا شکار ہوئے ہیں۔