ناسا خلا میں سب سے بڑا شمسی بادبان بھیجے گا

ناسا خلا میں سب سے بڑا شمسی بادبان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔سورج کی روشنی سے چلنے والے شمسی بادبان خلائی جہازوں کو خلا میں دور تک لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ناسا نے "ایڈوانسڈکمپوزٹ  سولر سیل سسٹم " تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جسے 2022 کے اواخر تک خلا میں روانہ کر دیا جائے گا۔ یعنی کم خرچ بالا نشین، ایندھن کا خرچ بھی بچے گا اور وزن کم ہونے کی وجہ سے خلائی جہاز زیادہ دور تک سفر کرسکے گا۔ یوں سمجھیے کہ یہ شمسی بادبان مستقبل کے خلائی جاسوس کا کردار ادا کریں گے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ شمسی بادان کیا ہوتے ہیں؟ کیسے کام کرتے ہیں؟ کیا یہ نیا تصور ہے؟ ناسا سے پہلے کس ملک نے شمسی بادبان خلا میں بھیجا تھا؟کیا آپ کو جادوئی کہانیوں میں اڑن کھٹولے یا اڑن طشتری اور بادبان سے چلنے والے بحری جہاز یاد ہیں؟ آئیے آپ کی یاد تازہ کرتے ہیں اور شمسی بادبان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں:

بادبان(Sail)  کسے کہتے ہیں؟

بادبانی کا تصور نیا نہیں ہے۔پرانے زمانے کی کہانیوں میں بھی اڑن کھٹولے یا اڑن طشتری کا تصور موجود رہا ہے۔پھرآپ کو یاد ہوگا کہ قدیم زمانوں میں بحری سفر کے لئے بادبانی کشتیاں اور بادبانی بحری جہاز استعمال کئے جاتے تھے جو محض ہوا کی طاقت استعمال کرتے ہوئے، ہزاروں کلو میٹر کا سفر طے کر لیتے تھے۔

شمسی بادبان (Solar Sail) کیا ہوتے ہیں؟

اسی طرح اب ناسا کے سائنسدان بھی کسی انتہائی دور دراز خلائی سفر کے لئے شمسی بادبان کے تصور پر کام کر رہے ہیں۔ ان  شمسی بادبان کے پس پشت روشنی کی طاقت کار فرما ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اگرچہ روشنی کمیت کی حامل نہیں ہے لیکن یہ حیرت انگیز رفتار کی حامل ہے اور کسی جسم پر دبائو ڈال سکتی ہے۔ اگرچہ سورج کی روشنی کا دبائو بہت خفیف ہوتا ہے، یعنی اتنا کم کہ ہم اسے محسوس ہی نہیں کر سکتے، تاہم یہ دبائو اتنا ضرور ہے کہ ایسے کسی سٹار شپ کو دھکیل سکے جو بہت بڑے بادبان پر مشتمل ہو۔اس کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ زمین کی نسبت، خلا میں سورج کی روشنی 8 گنا زیادہ شدید ہوتی ہے کیونکہ وہاں اسے کسی قسم کے کرہ ہوائی سے نہیں گزرنا پڑتا۔

خلا میں پہلا شمسی بادبان کس نے بھیجا؟

2010 میں جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی نے "" نامی پہلا ایسا خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ لانچ کیا جو بیرونی خلا میں شمسی بادبان ٹیکنالوجی استعمال کرتا تھا۔ یہ ایک چوکور شکل کا بادبان ہے جس کا وتر 60 فٹ ہے اور یہ سولر سیل پروپلشن کی طاقت سے اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

Description: C:\Users\KAMRAN\AppData\Local\Microsoft\Windows\INetCache\Content.Word\ikaros.jpg

امریکہ کا نیا شمسی بادبان

ناسا نے "ایڈوانسڈکمپوزٹ  سولر سیل سسٹم " تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جسے 2022 کے اواخر تک خلا میں روانہ کر دیا جائے گا۔ اس کی سطح کا رقبہ 500 مربع فٹ تک ہو گا۔ اسے خلا میں ہی پھیلایا جائے گا اور زمین سے روانگی کے وقت اسے محض تین فٹ کے ایک چھوٹے سے خلائی جہاز میں پیک کیا جائے گا۔ اپنی مخصوص ساخت کی بدولت یہ خلا میں معلق ہونے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ ایسا پہلا فنکشنل شمسی بادبان ہو گا جو اپنی حیرت انگیز ٹیکنالوجی کی بدولت خلائی موسم پر نظر رکھنے کے لیے زیادہ بلند مداروں میں رہ سکے گا اور یہ مروجہ مصنوعی سیاروں کی نسبت خاصا سستا ثابت ہو گا۔

سورس: Advanced Composite Solar Sail System: Using Sunlight to Power Deep Space Exploration

شمسی بادبان : مستقبل کے دور دراز خلائی کھوجی

ناسا کے ایک سائنسدان لیس جوہنسن شمسی بادبان کے موضوع پر کئی کتابیں لکھ چکے ہین۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس تکنیک کو پختہ ہونے میں کئی عشرے لگ سکتے ہیں، تاہم ان کی مدد سے ہم دوردراز ستاروں تک پہنچ سکتے ہیں۔ جوہنسن ایک بہت بڑا شمسی بادبان بنانا چاہتے ہیں جو بہت باریک لیکن مضبوط پلاسٹک سے بنا ہو۔ یہ بادبان کئی کلومیٹر رقبے پر مشتمل ہو گا اور اسے خلا میں ہی تیار کیا جائے گا۔ ایک بار جب یہ تیار ہو گیا تو پہلے یہ کچھ عرصہ سورج کے گرد چکر لگائے گا اور اس دوران زیادہ سے زیادہ رفتار (مومینٹم) حاصل کرے گا۔ کئی سال تک سورج کے گرد گھومنے کے بعد، یہ شمسی بادبان، نظام شمسی کے باہر کی طرف سفر شروع کر دے گا اور پھر دور دراز ستاروں تک پہنچ سکے گا۔ ایسے کسی بھی شمسی بادبان کے ذریعے، کسی خلائی جہاز کو روشنی کی 0.1 فیصد رفتار (یعنی 30 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ ) تک لے جایا جا سکتا ہے اور وہ "محض" 400 سال میں کسی قریبی ستارے تک پہنچ سکتا ہے۔ ستارے تک پہنچنے کے اس وقت کو مزید کم کرنے کے لئے، اس شمسی بادبان کو اضافی رفتار بھی دی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لئے چاند پر لیزر شعاعوں کی ایک بڑی بیٹری نصب کی جا سکتی ہے۔ یہ لیزر شعاعیں اس بادبان کو اضافی توانائی فراہم کر سکتی ہیں جس کی بدولت اس کی رفتار میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے اور وہ مزید کم وقت میں ستارے تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم شمسی بادبان کے ذریعے حرکت کرنے والے کسی سٹار شپ کا ایک مسئلہ یہ ہے کہ اسے روکنا یا واپس لانا ناممکن ہے، کیونکہ سورج کی روشنی صرف باہر کی طرف دھکیلتی ہے۔

شمسی بادبان کیسے کام کرتے ہیں ۔۔۔اس بارے میں جاننے کے لیے یہ اردو ویڈیو ملاحظہ کیجیے:

 

متعلقہ عنوانات