صرف تیرا نام لے کر رہ گیا
صرف تیرا نام لے کر رہ گیا
آج دیوانہ بہت کچھ کہہ گیا
کیا مری تقدیر میں منزل نہیں
فاصلہ کیوں مسکرا کر رہ گیا
زندگی دنیا میں ایسا اشک تھی
جو ذرا پلکوں پہ ٹھہرا بہہ گیا
اور کیا تھا اس کی پرسش کا جواب
اپنے ہی آنسو چھپا کر رہ گیا
اس سے پوچھ اے کامیاب زندگی
جس کا افسانہ ادھورا رہ گیا
ہائے کیا دیوانگی تھی اے وسیمؔ
جو نہ کہنا چاہیے تھا کہہ گیا