شملے کی ریل گاڑی

سولن کی چوٹیوں سے
جھنڈی ہلا رہی ہے
غصے میں بے تحاشا
سیٹی بجا رہی ہے
دیکھو وہ آ رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی
دو انجنوں کے منہ سے
شعلے نکل رہے ہیں
دو ناگ مل کے گویا
دوزخ اگل رہے ہیں
آنکھیں دکھا رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی
سنسان گھاٹیوں پر
اونچی پہاڑیوں میں
پتھریلی چوٹیوں پر
ٹیلوں میں جھاڑیوں میں
لہراتی آ رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی
لوہے کی ایک ناگن
بل کھا رہی ہو جیسے
اور اونچی چوٹیوں پر
لہرا رہی ہو جیسے
اس طرح آ رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی
بن باسیوں کو کیا کیا
دل شاد کر رہی ہے
سنسان جنگلوں کو
آباد کر رہی ہے
بستی بسا رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی
نکلی سرنگ سے یوں
جوں بل سے ناگ نکلے
چمکی سرے پہ جیسے
بھٹی سے آگ نکلے
کیا گل کھلا رہی ہے
شملے کی ریل گاڑی