شرارت

اک بکس کہیں سے لائیں گے روغن سے اسے چمکائیں گے
اک ڈبے میں باسی پھلکوں کا اک انبار لگائیں گے
لڑکوں سے کہیں گے آؤ گرامو فون فون تمہیں سنوائیں گے
صندوق اور ڈبہ کھول کے پھر ناچیں گے شور مچائیں گے
آج اپنے ہر ہمجولی کو ہم الو خوب بنائیں گے


امجد چونی اور تلسی کو دعوت پہ بلایا جائے گا
اک لمبا چوڑا اجلا دسترخوان بچھایا جائے گا
ڈونگوں کا اور پلیٹوں کا اک ڈھیر لگایا جائے گا
جب ڈھکنے ڈونگوں سے اٹھے ان میں مینڈک ٹرائیں گے
آج اپنے ہر ہمجولی کو ہم الو خوب بنائیں گے


ٹوپی میں گھنٹی لٹکا کر ہم ہولے ہولے جھومیں گے
سب بچے مارے خوف کے کھانا پینا بھولیں گے
ہم بھوت آیا چلائیں گے وہ زور سے آنکھیں موندیں گے
جب رونے پر آئیں گے تب گھنٹی کا راز بتائیں گے
آج اپنے ہر ہمجولی کو ہم الو خوب بنائیں گے


بھیا سے کہیں گے جلدی باہر چلئے گا تار آیا ہے
شاید سرکار نے نو سو پر فوراً شملے بلوایا ہے
امی نے کہا جب کچھ بھی نہیں اک بلا چوہا لایا ہے
تو ہم کھانے کی میز کے نیچے چپکے سے چھپ جائیں گے
آج اپنے ہر ہمجولی کو ہم الو خوب بنائیں گے