شب برات

کیونکر کرے نہ اپنی نموداری شب برات
چلپک چپاتی حلوے سے ہے بھاری شب برات
زندوں کی ہے زباں کی مزیداری شب برات
مردوں کی روح کی ہے مددگاری شب برات
لگتی ہے سب کے دل کو غرض پیاری شب برات


شکر کا جن کے حلوہ ہوا وہ تو پورے ہیں
گڑ کا ہوا ہے جن کے وہ ان سے ادھورے ہیں
شکر نہ گڑ کا جن کے وہ پرکٹ لنڈورے ہیں
اوروں کے میٹھے حلوے چپاتی کو گھورے ہیں
ان کی نہ آدھی پاؤ نہ کچھ ساری شب برات


دنیا کی دولتوں میں جو زردار ہیں بڑے
قندوں کے حلوے روغنی نانیں لیے کھڑے
پہنچائے خوان پھرتے ہیں نوکر کئی پڑے
زندے بھی راہ تکتے ہیں مردے بھی ہیں کھڑے
ان خوبیوں کو رکھتی ہے تیاری شب برات


ٹھلیاں چپاتی حلوے کی تو سب میں چال ہے
ادنیٰ غریب کے تئیں یہ بھی محال ہے
کالے سے گڑ کی لپٹی کڑھی کی مثال ہے
پانی سے ہانڈی گیہوں کی روٹی بھی لال ہے
کرتی ہے ایسی دکھیا پنساری شب برات


اور مفلسوں کی ہے یہ تمنا کی فاتحہ
دریا پہ جا کے دیتے ہیں بابا کی فاتحہ
بھٹیاری کے تنور پہ نانا کی فاتحہ
حلوائی کی دکان پہ دادا کی فاتحہ
یاں تک تو ان پہ لاتی ہے ناچاری شب برات


وارث ہیں جن کے جیتے وہ مردے بھی آن کر
حلوے چپاتی خوب ہی چکھتے ہیں پیٹ بھر
جن کا کوئی نہیں ہے وہ پھرتے ہیں در بدر
اوروں کے لگتے پھرتے ہیں کونوں سے گھر بہ گھر
ان کی ہے کھاری نون سے بھی کھاری شب برات


ملا جو دینے فاتحہ گھر گھر میں جاتے ہیں
حلوہ کہیں کہیں وہ چپاتی اڑاتے ہیں
مفلس کوئی بلاوے تو منہ کو چھپاتے ہیں
شکر کا حلوہ سنتے ہی بس دوڑے جاتے ہیں
کہتے ہوئے یہ دل میں اہا ہا ری شب برات


چھوڑے ہے لٹو تونبڑی ہر دم بنا کے جو
حاکم کا پیادہ کہتا ہے یوں اس سے تلخ ہو
کپڑے بدن بچا کے جو چاہو سو چھوڑ دو
چھپر جلاؤ گے تو دلاوے گی صبح کو
تم سے چبوترے میں گنہ گاری شب برات


پھرتے ہیں عشق باز جو لڑکے کی گھات میں
ٹونٹا ہی لے کے دیتے ہیں لڑکے کے ہاتھ میں
مہتابی آ کے چھوڑیں ہیں لڑکے جو رات میں
کیا زرکیاں سی چھوڑے ہیں ہنس ہنس کے بات میں
کرتی ہے کام ان کے بھی یوں جاری شب برات


جو رنڈی باز ہیں وہ بہت دل میں شاد ہو
کیا کیا انار چھوڑے ہیں بشنی ہو روبرو
اے بی تم اپنی کلھیا ہمیں چھوڑنے کو دو
اور چاہو تم ہمارا یہ ہت پھول چھوڑ لو
ہو جائے جس کے چھٹتے ہی پھلواری شب برات


اور جو بہار حسن کے ہیں پاکباز یار
گلکاری چھوڑے ہیں جہاں محبوب گلعذار
کہتے ہیں ان کو دیکھ کے آنکھوں میں کر کے پیار
کیا چاہیے میاں تمہیں ہت پھول اور انار
تم پر تو آپ ہوتی ہے اب واری شب برات


گھن چکر اپنے دم میں کہیں چرخ کھاتے ہیں
ٹونٹے ہوائی سینک کہیں قہقہہاتے ہیں
زینپٹ زپٹ پٹاخے کہیں غل مچاتے ہیں
لڑکوں کے باندھ غول کہیں لڑنے جاتے ہیں
کرتی ہے پھر تو ایسی دھواندھاری شب برات


آ کر کسی کے سر پہ چھچھوندر لگی کڑی
اوپر سے اور ہوائی کی آ کر پڑی چھڑی
ہو گئی گلے کا ہار پٹاخے کی ہر لڑی
پاؤں سے لپٹی شور مچا کر قلم تڑی
کرتی ہے پھر تو ایسی ستم گاری شب برات


چہرہ کسی کا جل گیا آنکھیں جھلس گئیں
چھائی کسی کی جل گئیں باہیں جھلس گئیں
ٹانگیں بچیں کسی کی تو رانیں جھلس گئیں
مونچھیں کسی کی پھک گئیں پلکیں جھلس گئیں
رکھے کسی کی داڑھی پہ چنگاری شب برات


کوئی دوستوں کو دل میں سمجھتا ہے اپنے غیر
کوئی دشمنوں سے دل کا نکالے ہے اپنا بیر
کہتا ہے واں نظیرؔ بھی آتش کی دیکھ سیر
یا رب تو سب کی کیجیو برسا برس کی خیر
بے طرح کر رہی ہے نموداری شب برات