شاعر بسیار گو
شاعر بسیار گو سے ہے یہ میری التماس
آپ یوں للہ سامع کو نہ کیجے بد حواس
مختصر سی رسم ختنہ اور اس پر تیس شعر
عقد کے دو بول کی تقریب اور چالیس شعر
میں نے مانا شاعری کا آپ کو بحران ہے
آپ کی فکر سخن پرچون کی دوکان ہے
آپ ڈھیلی کر کے رکھ دیتے ہیں نس نس شعر کی
اف یہ چو غزلہ اور اس پر ہر غزل دس شعر کی
آپ کو جتنے قوافی مل سکے فرہنگ میں
ان کو ٹھونسا لا کے غزلوں کی قبائے تنگ میں
آپ کے سر پر مسلط جذبۂ تحسین ہے
اور ادھر سب کی زباں پر سورۂ یٰسین ہے