سوال
امی جواب دیجئے میرے سوال کا
آتا نہیں سمجھ میں کہ یہ کیا ہے ماجرا
کرتی ہیں آپ ہم کو نصیحت یہ بار بار
ہوتا ہے جھوٹ بولنے والا گناہ گار
کیا بات ہے مگر کہ جو ہمسائی آئی تھی
ننھے کی عمر آپ نے کیوں کم بتائی تھی
ابا تھے گھر میں آج مگر ان کے دوست سے
گھر میں نہیں ہیں وہ یہ کہلوایا کس لئے
چاچا مٹھائی لائے تھے پرسوں جو شام کو
دی تھی ہمیں تو آپ نے تھوڑی سی نام کو
اس کو چھپا کہ کہنے لگیں ختم ہو گئی
اس وقت جھوٹ کہنا نہ تھی بات کیا بری
امی ہمیں نہ غصے سے آنکھیں دکھائیے
کیا واقعی ہے جھوٹ برا یہ بتائیے