سروجنی نائیڈو
شاعرہ بھی تھی خطیبہ بھی سیاست داں بھی تھی
نوجوانان وطن کی تو چہیتی ماں بھی تھی
تو رہی ساز محبت پر ہمیشہ نغمہ خواں
ہے امر تو آج بھی اے بلبل ہندوستاں
مادر ہندوستاں کا تجھ سے قائم ہے وقار
طبقۂ نسواں کو تیری ذات وجہ افتخار
ہند کی تحریک آزادی میں تیرا نام ہے
قابل تقلید تیرا وہ مثالی کام ہے
جذبۂ انسانیت سے دل ترا معمور تھا
تیرے چہرے سے عیاں روحانیت کا نور تھا
تیرے نغموں کی لطافت وہ ترے دل کا گداز
کیسی پر تاثیر تھی تیری نوائے دل نواز
ہر طرف جادو جگاتی تھیں وہ تقریریں تری
سچے موتی رولتی رہتی تھیں تحریریں تری