سفر ہو ریل گاڑی کا تو چھکے چھوٹ جاتے ہیں

سفر ہو ریل گاڑی کا تو چھکے چھوٹ جاتے ہیں
پسینے کے گھڑے گویا سروں پر پھوٹ جاتے ہیں


ٹکٹ لینا جو پہلا کام ہے اور سخت مشکل ہے
سمجھ لیجے کہ یہ اپنے سفر کی پہلی منزل ہے


ریزرویشن کرانا ہے تو پہلے اک قلی پکڑیں
خوشامد سے منا لیجے قلی صاحب اگر اکڑیں


بکنگ آفس کا بابو آپ کی آسان کر دے گا
وہ مشکل حل کرے گا اور اپنی فیس لے لے گا


ریزرویشن کرا دے گا اور وہ دس بیس لے گا
کسی کی سیٹ ہو وہ آپ کو دلوا کے دم لے گا


مگر پہلے یہ طے کر لیں کہ وہ کتنی رقم لے گا
ہمیشہ یاد رکھیں یہ اصول جاودانی ہے


کہ اسٹیشن مقام کوچ ہے اور دار فانی ہے