انتخابِ سخن: اردو شاعری سے انتخاب

غزل

دن کو ہم رات جان لیتے ہیں

اس کی ہر بات مان لیتے ہیں!!!

کر دکھاتے ہیں وہ ممکن پیارے!

سرپھرے جو بھی ٹھان لیتے ہیں

دل کی گہرائی میں دبے جذبے

شاعری سے زبان لیتے ہیں

دل دُکھاتے ہیں سدا دل کے مکیں

جاں سے پیارے ہی جان لیتے ہیں

رخ پہ زلفیں وہ گرا کر میرے

صبر کا امتحان لیتے ہیں

اس کی یادوں کے دوش پر اے سعید

شعر میرے اڑان لیتے ہیں

٭٭٭٭٭٭٭٭

نظم: خاموشی

تم ۔۔۔۔ اے صاحب!

خاموش بھلے

دل کے سنسان سے کونے میں

چپ بیٹھے ہوئے۔۔۔ مسکاتے ہوئے

تم بولے تو میں بولوں گا

میں بولا تو کوئی سن لے گا

وہ بولا تو سب سن لیں گے

پھر سارا زمانہ بولے گا

مری پیت کو دردر رولے گا

کب میرا جنوں کوئی سمجھے گا

مری بات کہاں کوئی تولے گا

پھر فیصلہ کرنے والوں کو

منصور نیا مل جائے گا

جو تیرا کہا دہرائے گا

اور سولی پہ چڑھ جائے گا

تم۔۔۔۔

اس لیے میرے دل کے مکیں!

خاموش بھلے۔۔۔چپ چاپ بھلے

 

متعلقہ عنوانات