سابق وزیر

مداح کون ہو کہ میں سابق وزیر ہوں
چپ ہیں قصیدہ گو کہ میں سابق وزیر ہوں


کل تک مجھے تھا تم سے ملاقات سے گریز
اب شوق سے ملو کہ میں سابق وزیر ہوں


آغاز یہ تھا مجھ سے سبق پڑھتے تھے عوام
انجام دیکھ لو کہ میں سابق وزیر ہوں


دانشور و ادیب و مدیر و صحافیو!
میرے لئے لکھو کہ میں سابق وزیر ہوں


کوئی نہیں تو تم تو رہو میرے ہم قدم
اے میرے سابقو کہ میں سابق وزیر ہوں


''یس مین'' تھے جو لوگ اب ان کی طرف سے بھی
ہر بات پر ہے ''نو'' کہ میں سابق وزیر ہوں


ممکن ہے مجھ سے سابقہ آئندہ پھر پڑے
''اس وقت سے ڈرو'' کہ میں سابق وزیر ہوں


اے طالبان علم سیاست کے باب میں
مجھ سے سبق پڑھو کہ میں سابق وزیر ہوں


میری خبر نہ دینا مگر اے صحافیو!
فوٹو تو کھینچ لو کہ میں سابق وزیر ہوں


میں نے ہی اپنے ملک کی دولت کو لوٹا ہے
یہ بحث مت کرو کہ میں سابق وزیر ہوں