رات
رات ہماری ماں جیسی ہے
نیند ہماری آنکھ میں رکھ کر
میٹھے میٹھے خواب دکھائے
دور کہیں لے کر اڑ جائے
دیس بدیس کی سیر کرائے
رنگ برنگے ہلکے بادل
بادل اندر بجتی پائل
چھم چھم کرتی بوند گرائے
بوند بوند میں پھول کھلائے
پھول پھول میں خوشبو مہکے
خوشبو مہکے دنیا لہکے
دنیا لہکے گیت سنائے
گیت سنے تو پریاں آئیں
پیارے پیارے پر پھیلائیں
پر پھیلے تو نیند سہانی
ممتا کا آنچل لہرائے
دن بھر کا دکھ درد مٹائے
نئی نویلی صبح دکھائے
دیکھا رات بھلی کیسی ہے
بالکل اپنی ماں جیسی ہے