رات کے پچھلے پہر اک سنسناہٹ سی ہوئی
رات کے پچھلے پہر اک سنسناہٹ سی ہوئی
اور پھر ایک اور پھر ایک اور آہٹ سی ہوئی
دفعتاً زنجیر کھنکی یک بیک پٹ کھل گئے
شمع کی لو میں اچانک تھرتھراہٹ سی ہوئی
خستۂ دیوار و در یک بارگی ہلنے لگے
طاق تھی ویران لیکن جگمگاہٹ سی ہوئی
ایک پیکر سا دھوئیں کے بیچ لہرانے لگا
نیم وا ہونٹوں پہ رقصاں مسکراہٹ سی ہوئی
پھر بھیانک رات پھر پر ہول سناٹا زبیرؔ
پھر کھنڈر میں شہپروں کی پھڑپھڑاہٹ سی ہوئی