راہ جینے کی بتاؤ تو کوئی بات بنے
راہ جینے کی بتاؤ تو کوئی بات بنے
حوصلہ دل کا بڑھاؤ تو کوئی بات بنے
صرف اظہار محبت سے نہیں کام چلے
ہاں اگر ساتھ نبھاؤ تو کوئی بات بنے
دور سے دیدۂ امید کو ترساتے ہو
جب مجھے پاس بلاؤ تو کوئی بات بنے
نہ کرو دور سے دعوائے مسیحائی تم
مجھ سے مردے کو جلاؤ تو کوئی بات بنے
غیریت اب بھی نمایاں ہے ذرا رحم کرو
تم مجھے اپنا بناؤ تو کوئی بات بنے
معاملہ دل کا بتانے میں پس و پیش ہے کیا
پردۂ شرم اٹھاؤ تو کوئی بات بنے
کیوں سناتے ہو مجھے قصۂ درد ہجراں
پیار کے گیت سناؤ تو کوئی بات بنے
آنکھ سے آنکھ ملاتے ہو بھلا احقرؔ سے
دل کو دل سے جو ملاؤ تو کوئی بات بنے