راہ راست

جو حق پر ہے ایمان کامل ہمارا
بنا لے گا کیا زور باطل ہمارا
جو ہم متحد ہو کے رہتے وطن میں
نہ تھا کوئی مد مقابل ہمارا
غلامی کی خو بو مسلط ہے ہم پر
دماغ اب ہمارا نہ اب دل ہمارا
رہ راست سے گر قدم ڈگمگایا
نہ ہوگا گزر تا بہ منزل ہمارا
جہاں سینٹ پر سینٹ ہیں اہل عالم
وہاں درجہ فصل ہے نل ہمارا
ہیں آوارۂ دشت مجنوں کی صورت
نہ لیلیٰ ہماری نہ محمل ہمارا
نہ کشتی نہ کشتی کے ملاح اپنے
نہ دریا نہ دریا کا ساحل ہمارا
تعصب نے برباد ہم کو کیا ہے
یہی ہے یہی صرف قاتل ہمارا
وطن پر مسلط ہیں انگریز جب تک
پنپنا یقیناً ہے مشکل ہمارا