قرینوں سے ہماری دوستی ہے

قرینوں سے ہماری دوستی ہے
حسینوں سے ہماری دوستی ہے


نڈر ہو کر لکیریں بولتی ہیں
جبینوں سے ہماری دوستی ہے


بہت سادہ بہت پرکار لیکن
نگینوں سے ہماری دوستی ہے


ملائے یا ہلائے ہاتھ اور بس
مشینوں سے ہماری دوستی ہے


عوض سگریٹ کے سگریٹ چائے کے چائے
مہینوں سے ہماری دوستی ہے


ہمارے گھر جھجھکتے ہیں یہ کہتے
مکینوں سے ہماری دوستی ہے