قدم ملا کے چلو
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو
وطن کی جان ہو تم اور وطن تمہارا ہے
کہ باغبان ہو تم یہ چمن تمہارا ہے
بڑھاؤ ہاتھ کہ ہر علم و فن تمہارا ہے
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو
تمہارے قدموں سے روشن ہو شاہراہ حیات
تمہارے عزم سے انسان پائے غم سے نجات
مثال خضر و مسیحا بنے تمہاری ذات
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو
جلاؤ دل کے نگر میں چراغ علم و یقیں
دیار حرص و ہوس میں نہ جھکنے پائے جبیں
تمہارے قدموں سے بن جائے آسماں یہ زمیں
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو
کبیر و نانک ہو چشتی کی یادگار ہو تم
جہاں میں گاندھی و نہرو کے ورثہ دار ہو تم
زمیں پہ امن و محبت کے پاسدار ہو تم
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو
نظام و کاکی و چشتی کی روح اپناؤ
خدا کا جلوہ ہر انساں کے قلب میں پاؤ
ہر ایک دل میں محبت کی روشنی لاؤ
قدم ملا کے چلو حوصلہ بڑھا کے چلو
دلوں میں حب وطن کا دیا جلا کے چلو