ترجمہ قرآن کا الگ مضمون: پنجاب میں میٹرک اور انٹر میں ترجمہ قرآن کا الگ پرچہ ہوگا

حکومت پنجاب نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں ترجمہ قرآن کا الگ مضمون متعارف کروادیا۔ رواں برس نویں جماعت کے نئے سیشن میں اسلامیات کے علاوہ ترجمہ قرآن کو بھی الگ مضمون کی حیثیت سے شامل کیا گیا۔2023 کے میٹرک  (نویں جماعت) کے بورڈز کے امتحانات میں یہ پرچہ شامل ہوگا۔ نئے تعلیمی سیشن 2022-2023 کے آغاز پر جماعت نہم میں اسلامیات اور ترجمہ قرآن کی الگ الگ درسی کتاب شائع کی گئی ہے۔

 

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے چھٹی تا نویں ترجمہ قرآن کا نصاب جاری کردیا ہے۔ چونکہ چھٹی تا آٹھویں کے امتحانات اسکول سطح پر ہوں گے جبکہ میٹرک اور انٹر ل کے بورڈ کے امتحانات میں ترجمہ قرآن کا پرچہ شامل کیا جائے گا۔اب میٹرک کے کل نمبر 1100 ہیں، ترجمہ قرآن کے نویں اور دسویں جماعت میں 50, 50 نمبر کے پرچے شامل ہونے سے کل نمبر 1200 ہوجائیں گے۔
مئی 2018 میں پنجاب اسمبلی نے صوبے بھر میں تمام اسکولوں میں تدریس قرآن کی لازمی تعلیم کا بل پنجاب لازمی تدریس قرآن ایکٹ 2018 منظور کیا۔

حالاں کہ یہ بل 2017 میں جماعت اسلامی کے ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر مرحوم نے پیش کیا لیکن اسے مئی 2018 میں منظور کیا گیا۔ لیکن اس کا نفاذ عمل میں نہیں آیا۔18 دسمبر 2020 کو لاہور ہائی کورٹ نے تدریس قرآن مجید (ناظرہ اور ترجمہ) کو 2021 کے نصاب میں لازمی مضمون کی حیثیت سے شامل کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس بل کے مطابق پہلی تا پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن اور چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک مکمل ترجمہ قرآن کی تدریس لازمی ہوگی۔
ناظرہ قرآن المجید کا نصاب برائے پرائمری
 محکمہ تعلیم پنجاب نے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کو اس ضمن میں ہدایات جاری کیں اور نصاب سازی کے لیے جلد اقدامات کا حکم دیا۔ بعد ازاں  پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے 14 جولائی 2021 کو لیٹر جاری کیا جس میں پہلی تا پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن کا جماعت وار نصاب کی تفصیل جاری کی گئی۔ جوکہ درج ذیل ہے: 
جماعت اول: قرآنی قاعدہ اور آخری چار سورتیں
جماعت دوم: پارہ نمبر 1 اور 2
جماعت سوم: پارہ نمبر 3 تا 8
جماعت چہارم: پارہ 9 تا 18
جماعت پنجم: پارہ نمبر 19 تا 30
کیا ترجمہ قرآن اسلامیات سے علیحدہ مضمون ہوگا؟
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے کہ جماعت نہم کے 2023 کے سالانہ امتحانات میں ترجمہ قرآن کا الگ پرچہ ہوگا۔ یاد رہے کہ پنجاب میں میٹرک کے لیے اسلامیات کے نصاب میں ترجمہ قرآن کا حصہ شامل تھا لیکن رواں برس جماعت نہم کی اسلامیات میں ترمیم کرکے حصہ قرآن کو الگ مضمون کے طور پر شامل کیا گیا۔ جماعت نہم کی اسلامیات کی یکساں قومی نصاب 2020 کے تحت نئی درسی کتاب شائع کی گئی ہے۔ اس طرح اسلامیات اور ترجمہ قرآن کا الگ الگ پرچہ ہوگا۔ ٹائم ٹیبل میں اس کا باقاعدہ الگ پیریڈ شامل ہوگا۔ اس پرچے کے پچاس نمبر ہوں گے۔ پرچے کے دو حصے ہوں گے؛ معروضی اور انشائیہ۔ انشائیہ میں منتخب آیات کا ترجمہ، مشکل الفاظ کے معانی، سورتوں سے متعلق اور انبیاء کرام سے متعلق مختصر سوالات شامل ہوں گے۔
ترجمۃ القرآن المجید کا نصاب برائے چھٹی تا بارہویں
پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے 26 جولائی 2021 کو مذکورہ بالا ایکٹ کے تحت ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں پرائمری جماعتوں کے لیے ناظرہ قرآن کے نصاب کے ساتھ چھٹی تا بارہویں ترجمۃ القرآن کا نصاب بھی جماعت وار جاری کیا گیا۔ جو کہ درج ذیل ہے:
جماعت ششم: پارہ نمبر 1 اور 2
جماعت ہفتم: پارہ نمبر 3 تا 5
جماعت ہشتم: پارہ نمبر 6 تا 9
جماعت نہم: پارہ نمبر 10 تا 16
جماعت دہم: پارہ نمبر 17 تا 23
گیارہویں جماعت: پارہ نمبر 24 تا 30
عملی طور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے جولائی 2022 میں باقاعدہ طورپر "ترجمۃ القرآن المجید برائے جماعت ششم تا جماعت نہم" کے نصاب کو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کیا۔ تاحال اس کی درسی کتابیں اسکولوں تک نہیں پہنچی ہیں۔ ترجمہ قرآن کے نصاب کو درج لنکس سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

ترجمہ القرآن المجید (درسی کتاب) برائے نہم
 

ترجمہ القرآن المجید (درسی کتاب) برائے ششم

 

ترجمہ القرآن المجید (درسی کتاب) برائے ہفتم

 

ترجمہ القرآن المجید (درسی کتاب) برائے ہشتم

متعلقہ عنوانات