پنجاب ضمنی الیکشن: کتنے حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے؟

پنجاب میں اتوار کے دن چودہ اضلاع میں ضمنی الیکشن کا دنگل سجے گا۔ کس ضلع کے سب سے زیادہ حلقے شامل ہیں؟ یہ الیکشن کتنی نشستوں کے لیے ہورہا ہے؟ کس کا پلڑا بھاری ہے؟ کتنی خواتین بطور امیدوار حصہ لے رہی ہیں؟ اور کس حلقے سے کون کون باہم مقابل ہے؟ یہ سب جاننے کے لیے یہ تحریر پڑھیے۔        

ریاست پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کس کا سکہ چلے گا اس کا فیصلہ بروز اتوار سترہ جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن میں ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف اور نون لیگ کے درمیان گھمسان کا رن پڑا ہوا ہے۔ انتخابی مہم تند و تیز زبانی حملوں اور جلسے جلوسوں کے ساتھ گزشتہ رات اپنے اختتام کو پہنچی۔ سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ نون لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سمبھالے رکھنے کے لیے بیس میں سے نو سیٹیں لازمی حاصل کرنا ہوں گی۔ لیکن اگر تحریک انصاف کو نون لیگ کے گڑھ میں اپنے جھنڈے گاڑھنے ہیں تو گیارہ سیٹوں کو کم از کم اپنے نام کرنا ہوگا۔ اس طرح اگر ق لیگ اور تحریک انصاف کے مابین مزید توڑ جوڑ نہ ہوئی تواہل پنجاب گجرات کے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ دیکھ پائیں گے۔ باقی بہت سی پارٹیاں  اور کچھ آزاد امیدوار بھی سیاسی میدان  میں  ہیں، لیکن یہ ایک کھلا راز ہے کہ پنجاب یا تو نون لیگ کی شکل میں حکومتی اتحاد کا ہوگا یا پھر تحریک انصاف سمیت قاف لیگ  گٹھ جوڑ کا۔اب پنجاب کے کون سے وہ بیس حلقے ہیں جن  میں اتوار کو ٹاکرا ہوگا، اس کی فہرست آپ کو دیے دیتے ہیں۔

الیکشن کہاں کہاں ہورہے ہیں؟

پنجاب میں ضمنی الیکشن بیس (20) نسشتوں پر چودہ اضلاع میں ووٹنگ ہوگی۔ ان بیس نشستوں میں سے چار(4) حلقے لاہور پی پی (158,167,168,170)، دو(2) حلقے ضلع مظفر گڑھ(272,273)،دو(2) حلقے ضلع لودھراں (224,228)، دو(2) حلقے ضلع جھنگ (125,127) جبکہ دس(10) اضلاع یعنی ملتان، ڈیرہ غازی (ڈی جی) خان، ساہیوال،خوشاب،فیصل آباد،بہاولنگر،بھکر، شیخوپورہ، لیہ اور راول پنڈی کے اضلاع میں ایک ایک حلقہ میں انتخابات ہورہے ہیں۔ان میں جنوبی پنجاب کے نو(9) حلقے بنتے ہیں۔

کون کس کے مدمقابل ہے؟

پنجاب کے ضمنی الیکشن میں بظاہر تو پی ٹی آئی اور ن لیگ کے امیدواران کا مقابلہ ہے لیکن بعض حلقوں میں آزاد امیدواران بھی ٹف ٹائم دے سکتے ہیں جن میں لودھراں (پی پی 228)، لیہ اور جھنگ شامل ہیں۔ اس الیکشن میں صرف تین خواتین امیدواران شامل ہیں جن میں دو آزاد حیثیت میں (لیہ اور مظفرگڑھ پی پی 272) اور ایک مسلم لیگ ن (مظفر گڑھ 273) تعلق رکھتی ہیں۔ ہر حلقے کے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے باہم مقابل امیدواران درج ذیل ہیں:

1۔ حلقہ پی پی 158 لاہور: میاں محمد اکرم عثمان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ رانا احسن شرافت (پاکستان مسلم لیگ ن)

2۔ حلقہ پی پی 167 لاہور: شبیر احمد گجر (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ نذیر احمد چوہان (پاکستان مسلم لیگ ن)

3۔ حلقہ پی پی 168 لاہور: ملک محمد نوازاعوان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ ملک اسد علی کھوکھر (پاکستان مسلم لیگ ن)

4۔ حلقہ پی پی 170 لاہور: ملک  ظہیر عباس کھوکھر (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ محمد امین ذوالقرنین (پاکستان مسلم لیگ ن)

5۔ حلقہ پی پی 125 جھنگ: میاں محمد اعظم (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ فیصل حیات نون (پاکستان مسلم لیگ ن)

6۔ حلقہ پی پی 127 جھنگ: مہر محمد نواز بھروانہ (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ مہرمحمد اسلم بھروانہ (پاکستان مسلم لیگ ن)

7۔ حلقہ پی پی 07 راول پنڈی: کرنل (ر) محمد شبیر اعوان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ راجہ صغیر احمد (پاکستان مسلم لیگ ن)

8۔ حلقہ پی پی 83 خوشاب: حسن ملک اعوان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ امیر حیدر سنگھا (پاکستان مسلم لیگ ن)

9۔ حلقہ پی پی 140 شیخوپورہ: خرم شہزاد ورک ایڈووکیٹ (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ میاں خالد محمود آرائیں (پاکستان مسلم لیگ ن)

10۔ حلقہ پی پی 224 لودھراں: محمد عامر اقبال شاہ (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ زوار حسین وڑائچ (پاکستان مسلم لیگ ن)

11۔ حلقہ پی پی 228 لودھراں: عزت جاوید خان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ نذیر احمد خان (پاکستان مسلم لیگ ن)

12۔ حلقہ پی پی 288 ڈی جی خان: سردار سیف الدین کھوسہ (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ عبدالقادر خان  (پاکستان مسلم لیگ ن)

13۔ حلقہ پی پی 217 ملتان: زین حسین قریشی (شاہ محمود قریشی کا بیٹا) (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ محمد سلمان نعیم (پاکستان مسلم لیگ ن)

14۔ حلقہ پی پی 97 فیصل آباد (چک جھمراں): علی افضال ساہی (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ محمد اجمل چیمہ (پاکستان مسلم لیگ ن)

15۔ حلقہ پی پی 202 ساہیوال: میجر (ر) محمد غلام سرور (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ ملک نعمان احمد لنگڑیال (پاکستان مسلم لیگ ن)

16۔ حلقہ پی پی 90 بھکر: عرفان اللہ خان نیازی (حفیظ اللہ نیازی کا بھائی) (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ سعید اکبر نوانی (پاکستان مسلم لیگ ن)

17۔ حلقہ پی پی 237 بہاولنگر: سید آفتاب رضا (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ میاں فدا حسین (پاکستان مسلم لیگ ن)

18۔ حلقہ پی پی 273 مظفر گڑھ: یاسر عرفات خان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ محمد سبطین رضا  (پاکستان مسلم لیگ ن)

19۔ حلقہ پی پی 272 مظفر گڑھ: محمد معظم علی خان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ سیدہ زہرہ باسط بخاری (پاکستان مسلم لیگ ن)

20۔ حلقہ پی پی 282 لیہ: قیصر عباس خان (پاکستان تحریک انصاف) بمقابلہ محمد طاہررندھاوا (پاکستان مسلم لیگ ن)

سورس: الیکشن کمیشن آف پاکستان

 

متعلقہ عنوانات