پچیس مئی 2022 کو کیا کیا ہوگا؟
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی 2022 کو اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کے نام سے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے آج پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے داخلی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کیا جارہا ہے۔ اس آزادی مارچ سے عوام کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا چند جھلکیاں ملاحظہ کیجیے:
لاہور اور راولپنڈی ڈویژن میں میٹرک کا پرچہ ملتوی
رواں ماہ میں پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات ہورہے ہیں۔ کل دسویں جماعت کا آخری پرچہ ہے لیکن پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے لاہور اور راولپنڈی ڈویژن میں کل ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ آج ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ مراسلے میں غیر یقینی اور ہنگامی صورت حال کی وجہ سے لاہور اور راولپنڈی ڈویژن میں کل 25 مئی کو دسویں جماعت کے مطالعہ پاکستان کے پرچے کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے
جب کبھی بھی اسلام آباد یا راولپنڈی میں احتجاج یا لانگ مارچ کا موقع آتا ہے تو سب سے زیادہ اس علاقے کے تعلیمی ادارے متاثر ہوتے ہیں۔ جی ہاں آپ ٹھیک سوچ رہے ہیں کل 25 مئی کو لانگ مارچ کی وجہ سے اسلام آباد اور رالپنڈی کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
پنجاب بھر میں موبائل سروس بند رہے گی
کل کے حوالے سے تیسری خبر یہ ہے کہ حکومت پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے کل پنجاب بھر میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی حکام کا اجلاس کی صدارت کی جس میں لانگ مارچ کو روکنے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے 350 مقامات پر مکمل طور پر موبائل سروس بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے اس میں لاہور کے 20 مقامات بھی شامل ہیں۔
لاہور اور اسلام آباد کی طرف سفر کرنے والوں کے لیے
اگرچہ حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام داخلی راستوں کو کھولے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن ان شہروں کی طرف سفر کرنے والے افراد اپنے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور گاڑی میں فیول کا انتظام آج ہی کرلیں۔