پھول کھلا دے شاخوں پر پیڑوں کو پھل دے مالک

پھول کھلا دے شاخوں پر پیڑوں کو پھل دے مالک
دھرتی جتنی پیاسی ہے اتنا تو جل دے مالک


کہرا کہرا سردی ہے کانپ رہا ہے پورا گاؤں
دن کو تپتا سورج دے رات کو کمبل دے مالک


بیلوں کو اک گٹھری گھاس انسانوں کو دو روٹی
کھیتوں کو بھر گیہوں سے کاندھوں کو ہل دے مالک


وقت بڑا دکھ دائک ہے پاپی ہے سنسار بہت
نردھن کو دھنوان بنا دربل کو بل دے مالک


ہاتھ سبھی کے کالے ہیں نظریں سب کی پیلی ہیں
سینہ ڈھانپ دوپٹے سے سر کو آنچل دے مالک


کل کو آج سے باندھے رکھ آج کو کل سے جوڑے رکھ
جب تک کھیل تماشہ ہے پیر کو منگل دے مالک