ایوان صدر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری، پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھالیا

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے تحت ایوان صدر میں 27 جولائی 2022 رات 2 بجے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔ چودھری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا۔

گزشتہ شب (26 جولائی) کو رات پونے دس بجے سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں چودھری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے تحت گورنر پنجاب کو ہدایت جاری کی گئی کہ 26 جولائی رات ساڑھے گیارہ بجے تک وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کا اہتمام کیا جائے۔ لیکن گورنر پنجاب نے چودھری پرویز الٰہی سے وزارتِ اعلیٰ پنجاب کا حلف لینے سے معذرت کرلی۔ جس کے بعد سپریم کورٹ کے ہی حکم کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر علوی نے ایوان صدر اسلام آباد میں 27 جولائی رات 2 بجےحلف برداری کی تقریب کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے چودھری پرویز الٰہی کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹیفیکیشن جاری کیا۔

چودھری پرویز الٰہی خصوصی طیارے کے ذریعے رات گئے لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔  جہاں ایوان صدر میں رات 2 بجے وزارت اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی پنجاب کے باقاعدہ 20ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب چودھری پرویز الٰہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وہ 29 نومبر 2002 تا 18 نومبر 2007 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔

 

متعلقہ عنوانات