پتے پتے سے نغمہ سرا کون ہے

پتے پتے سے نغمہ سرا کون ہے
اے ہوا تیرے اندر چھپا کون ہے


پھول شبنم شفق چاندنی کہکشاں
پردۂ حسن سے جھانکتا کون ہے


مصلحت کوش وہ تو نہیں تھا مگر
نطق کو ہاتھ سے روکتا کون ہے


اتنے بدلے ہوئے ہیں کہ حیرت میں ہوں
میرے پیچھے میں ان سے ملا کون ہے


نا امیدی نے مجھ کو موحد کیا
اب خدا کے سوا آسرا کون ہے


یہ تپشؔ کی انا ہے نہیں تو یہاں
غم کو ہنس ہنس کے یوں جھیلتا کون ہے