پتا بتا: اردو تدریس میں تازگی اور توانائی لانے کی علم بِردار تنظیم
"تدریس کا ایک بڑا مقصد کمرہء جماعت میں تازگی اور توانائی کا مزاج پیدا کرنا ہے۔ استاد کے قول، ادا، کردار اور نشست و برخاست سے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے میں دل چسپی اور لگاؤ پیدا ہو۔یاد رکھیے کہ ایک گلاب کے پھول کو وضاحت یا تعارف کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اس کی خوش بو کسی کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ اسی طرح ایک استاد کو بھی کمرہ جماعت میں داخل ہوتے ہوئے تعارف کروانے کی حاجت نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کی محبت،شفقت،فکر،کردار و مزاج کی تازگی اور توانائی کی شعاعیں کمرہ جماعت میں خود بخود پھیلیں اور اس سے مایوسی، تھکن، الجھن اور جہالت کے تاریک ماحول میں روشنی ہوجائے۔"
جناب طاہر جاوید ، جو پاکستانی تنظیم اساتذہ برائے تدریس اردو کے بانی ہیں، نے تدریس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معلمی کا منصب انبیا کی میراث ہے ۔استاد ایک فصل کاشت کرتا ہے اور اس کے اثرات مستقبل میں اچھے یا برے سامنے آتے ہیں تو اس میں استاد برابر کا حصہ دار ہوتا ہے۔ انھوں نے اپنی بات کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کو چاہیے کہ وہ تدریس میں تازگی اور توانائی لانے کے کوشش اور جستجو کرے۔ بالخصوص اردو کی تدریس پر خاص توجہ کی ضرورت ہے۔ ہمارے ہاں اردو کی تدریس کے حوالے بڑی ناقدری کا رویہ ہے لیکن اس کوہم نے ہی ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ تعلیمی ادارے اور کمرہ جماعت میں ایسا ماحول بنایا جائے جہاں بچے اردو سے لطف اندوز ہوں، محظوظ ہوں اور مستفید ہوسکیں۔انھوں نے کچھ عرصہ قبل اردو تدریس سے متعلق ایک ادارے کی بنیاد رکھی۔ آئیے اس کا احوال جانتے ہیں:
پاکستانی تنظیمِ اساتذہ برائے تدریس اردو (پتا بتا) کا قیام
28 اپریل 2016 وہ تاریخی دن تھا جس دن طاہر جاوید صاحب نے پاکستانی تنظیمِ اساتذہ برائے تدریس اردو (پتا بتا) کی بنیاد رکھی ۔یہ تنظیم اس وژن یعنی راہنما تصور پر قائم کی گئی کہ اردو کے اساتذہ اورطلبا کے ليے اردو کےسيکھنے ا ور سکھانے کا عمل بھر پُور شوق، شغف اور فخر کا مستقل اور موٴثر ذريعہ بنایا جائے گا۔ اُردو کی تدريس اور تعليم ميں مسلسل بہتری کے ليے مقامی، قومی اور عالمی سطح پر افراو اور اداروں کے ليےمختلف مواقع فراہم کرنے اور موٴثر تدريسی وسائل تيار کرنے کا عزم لیے یہ تنظیم گزشتہ چھے برس میں قابل قدرخدمات سرانجام دے چکی ہے۔۔ ان پانچ برس میں پتا بتا کے زیرِ اہتمام اردو کی تدریس کے حوالے سے چالیس سے زائد عنوانات پر ورک شاپس اور تربیتی نشستوں کا انعقادکیا جاچکا ہے۔
تنظیم کے مقاصد
اس تنظیم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اردوکی تدريس کے معيار ميں مسلسل بہتری کے ليے اساتذہ کو جديد طريقوں اور وسائل سے متعارف کروایا جائے۔ عام طور پر انگریزی اساتذہ کی نسبت اردو اساتذہ احساسِ کمتری کا شکار نظر آتے ہیں۔تعلیمی اداروں میں بھی اردو اساتذہ کو زیادہ قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا ہے۔ پتا بتا تنظیم اردو کے اساتذہ ميں اردو کی تدريس کے بارے ميں مثبت روّيوں کو فروغ دينا چاہتی ہے تاکہ و ہ اپنے کردار کو اعتماد اور احساسِ تفاخر کے ساتھ ادا کر سکيں۔ مزیدازاں طلباٴ ميں اردوسيکھنے کے حوالے سے مثبت روّيوں کو فروغ دیا جائے اور طلباٴ ميں اردو کی مختلف اصنافِ سُخن پڑھنے، لکھنے ، بولنے اور سُننے کا شوق اورذوق پيدا کیا جائے۔
سرگرمياں اور پروگرام
گزشتہ چھے برس میں پتا بتا تنظیم اپنے مقاصد اور اہداف حاصل کرنے کے لیے محدود وسائل کے باوجود قابل فخر کارکردگی دکھائی ہے۔ ان میں اساتذہ کی تربیت کے لیے چالیس سے زائد ورکشاپس کا انعقاد، آن لائن کانفرنس،سوشل میڈیا جیسے واٹس ایپ پر اساتذہ کے لیے ایک فعال گروپ کی تشکیل شامل ہیں۔
اردو تدریس پر تربیتی نشستیں اور ورکشاپس
ان چھے برسوں میں اساتذہ کے لیے پتا بتا نے درجنوں مفید اور دل چسپ موضوعات پر بیالیس ورکشاپس منعقد کروائیں۔ اردو تدریس میں جدت اور توانائی پیدا کرنے کے لیے اردو کی تدریس: قدیم سے جدید کا سفر،تدریسِ اردو کے دل چسپ اور موئثر سرگرمیاں،جدید دور میں موئثر تدریسِ اردو کے تقاضے اور ان کے حل،کثیر ذہانت کو نظریے کو استعمال کرکے اردو کی تدریس کو دل چسپ بنائیں اور تدریس میں کھیل، کھیل میں تدریس جیسے موضوعات کا انتخاب کیا گیا۔
پتا بتا نے اردو تدریس میں تازگی لانے کے لیے دل چسپ اور منفرد موضوع چنے جیسےلکھنا کیسے پڑھائیں کہ بچوں کو لکھنے میں مزا آنے لگے ،محاوروں کی بہار، زبان کا سنگھار،تدریس کا اچھوتا انداز: کہانی ہی کہانی میں "،آيئے الفاظ کا جادو جگائيں،شاعری یوں پڑھائیں کہ مزہ آ جائے اور تفہیمِ عبارت کے بوسیدہ اور فرسودہ طریقوں سے جان چھڑائیں: نئے نداز نئے رنگ لائیں وغیرہ۔
آن لائن تدریسِ اردو کانفرنس
پتا بتا نے پہلی آن لائن تدریس اردو کانفرنس کا یکم جنوری 2022 کو کامیابی سے انعقاد کروایا۔کانفرنس کے بنیادی مقصد(تھیم) " اردو کی تدریس میں تازگی اور توانائی کیسے لائی جائے؟ نئے راستوں کی تلاش" کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ تدریس کا ایک بڑا مقصد کمرہء جماعت میں تازگی اور توانائی کا مزاج پیدا کرنا ہے۔اس کانفرنس میں پانچ تربیتی سیشن جن میں تدریس اردو کے لیے دستیاب وسائل اور ان کا موئثر استعمال،اردو میں آن لائن امتحان اور جائزہ،کہانی گوئی کا فن،اردو تدریس کے بنیادی مسائل اور ان کے ممکنہ حل اور دورانِ تدریس طلبہ کے لیے باہمی تعاون کے اصول اور آلات شامل ہیں۔
2019 میں اردو کے اساتذہ کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا جس میں 200 سے زائد ممبران اردو زبان، اردو کی تدریس اور اردو ادب سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہء خیال کرتے ہیں اور تدریسی وسائل شیئر کرتے ہیں۔ ان ڈیڑھ برس میں اس واٹس ایپ گروپ میں بڑی تعداد میں تدریسی،ادبی اور علمی وسائل (لُغات، یکساں قومی نصاب، گرامر کی کتابیں، بچوں کے رسائل وغیرہ) شیئر کیے گئے۔ سینکڑوں تعداد میں علمی مباحث، سوال وجواب، تجاویز، تبادلہءخیال، معلومات وغیرہ گروپ میں پیش کی جاتی رہی ہیں اور ان کا سلسلہ جاری ہے۔
مستقبل کے منصوبے
پتا بتا تنظیم مستقبل میں چند اہم منصوبوں کی شروعات کے لیے پُرعزم ہیں جیسے:
1۔ آغا خان یونیورسٹی اور نیویارک یونیورسٹی کے اشتراک سے چار ہفتوں کا اردو اساتذہ کے لیے پروفیشنل کورس کا جلد آغاز کیا جارہا ہے۔
2۔ اردو اساتذہ کے لیے تدریسی مواد ، ورکشاپس اور تربیتی مواد کو کتابی صورت میں لایا جائے گا۔
3۔ طلبا کے لیے اردو کو عملی سرگرمیوں کے ساتھ سکھانے کے لیے سمر کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔
پتا بتا فیس بک پیج: https://www.facebook.com/patabataIP