والدین اپنے بچوں کے لیے مثالی شخصیت بنیں
اولاد کی پیدائش زندگی کا ایسا خوبصورت باب ہے جو یکسر آپ کی شخصیت، سوچ اور عمل کو بدل کر رکھ دیتا ہے۔ والدین بننا ایک ایسا امتحان ہے کہ جس کا سبق کوئی اسکول، استاد یا انسان نہیں سکھا سکتا۔ ہم صرف اس وقت سیکھتے ہیں جب ہم اس دور سے گزر رہے ہوتے ہیں اور اسے دن بہ دن تجربہ کرتے ہیں۔ کبھی کبھی ہم تھکن محسوس کرتے ہیں، اور کبھی کبھی خوشی ناقابل بیان ہوتی ہے۔
اپنے بچے کی نفسیات کو سمجھنا اہم چیزوں میں سے ایک ہے جسے ایک والدین کے طور پر سیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ سیکھ آپ کے بچے کے بڑھنے اور بالغ ہونے کے ساتھ ساتھ رہنمائی اور پرورش میں بہترین انسان بننے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔ایک ذمہ دار والدین بننا مشکل ہے، خاص طور پر اس دور میں جب والدین اپنے بچوں کے ساتھ رہنے کے بجائے کام کرنے میں زیادہ وقت صرف کررہے ہیں۔ جب آپ پیشہ ورانہ زندگی اور والدینیت کے درمیان اپنا وقت گزارنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں تو معیاری وقت کا حصول مشکل ہوتا ہے۔
اپنے بچے کو سمجھنے کے طریقوں میں سے ایک یہ ہے کہ جب وہ سوتے، کھاتے یا کھیلتے ہیں تو ان کا مشاہدہ کریں۔ مستقل خصلتوں کو تلاش کریں۔ وہ کون سی سرگرمیاں سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں؟ کیا تبدیلیوں کو قبول کرنا ان کے لیے آسان ہے یا انھیں ان چیزوں سے واقف ہونے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے؟ یہ چیزیں بچے کی عام خصوصیات ہیں اور آپ کا بچہ اس سے مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔
یہ والدین کی فطرت میں ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس نظر سے نہیں دیکھتے جیسے دوسرے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ کچھ معاملات میں یہ فطرت والدین اور بچوں کی عزت نفس کے لیے مفید ہے البتہ کچھ معاملات میں نظریہ بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مختلف مطالعات نے ثابت کیا ہے کہ بچے سکھائے گئے الفاظ سے زیادہ دنیا کے مشاہدے اور تجربہ سے سیکھتے ہیں۔ ذمہ دار والدین اپنے بچوں کو سیکھنے کے لیے صحیح مثالیں اور رویے فراہم کرتے ہیں۔ ”ادب سے بات کرو“ کہنے کے بجائے اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنے اندازِ گفتگو سے اس عادت کامظاہرہ کریں۔
مسئلہ یہ ہے کہ والدین بعض اوقات اپنے بچوں کا استحصال کرتے ہیں۔ کچھ والدین بہت زیادہ بے چین ہو جاتے ہیں اور یہ سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں سے بہت زیادہ غیر حقیقی توقعات لگا رہے ہیں۔ اور جب ان کے بچے ان توقعات پر پورا نہیں اترتے ہیں، تو وہ ان سے بہت مایوس ہو جاتے ہیں۔ اپنے بچوں پر فخر کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، خاص طور پر اگر وہ اسکول، کھیلوں یا کسی بھی ایسی چیز میں بہت اچھا کر رہے ہیں ۔ لیکن، والدین کو ضرورت ہے کہ وہ حقیقت پسند اور معقول بنیں۔
ایک بچے کے ذہن میں اپنے والدین کا خاکہ اس بات پر بھی منحصر ہوتاہے کہ بچہ اپنے والدین کو کیسے برتاؤ کرتے دیکھتا ہے۔ بچے دیکھتے ہیں کہ ان کے والدین کیا کرتے ہیں اور (ہمیشہ) سچ اور درست کہتے ہیں یا نہیں؟ کیا والدین تمام بچوں کے ساتھ مساوی سلوک کرتے ہیں؟
انسان خواہ کتنا ہی جوان کیوں نہ ہو، حقیقت یہ رہتی ہے کہ وہ ایک انسان ہے یعنی سوچنے والا انسان ہے۔ اس طرح، وہ یقینی طور پر جانتا ہے کہ وہ کیا چاہتا ہے. ایک بچہ بالغوں کے مقابلے میں کم سمجھ سکتا ہے، لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ وہ کچھ نہیں سمجھتے۔ ایک پری اسکولر جانتا ہے کہ جب وہ بڑا ہوتا ہے تو وہ کیا بننا چاہتا ہے (صرف یہ کہ اس کی ترقی کی اقدار اور دلچسپیوں اور جس ماحول میں وہ پروان چڑھتا ہے اس پر انحصار کرتے ہوئے اس میں تبدیلی آسکتی ہے)۔ ایک نوجوان جانتا ہے کہ آیا وہ وہاں کے بہترین اسکول میں انجینئرنگ کرنا پسند کرتا ہے یا وہ اس کے بجائے موسیقی یا فوٹو گرافی کے اپنے شوق کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ ایک بچہ بھی جانتا ہے جب اس کی ماں اسے کھانا کھلانا بھول جاتی ہے۔ والدین کو اپنے بچوں کے خیالات کا احترام کرنا چاہیے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ حقیقی طور پر اپنے بچوں کی بات سنیں اور سمجھیں اور ان پر اپنی سوچ اور اقدار مسلط نہ کریں۔