پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا: اب ٹاکرا کس کے ساتھ ہوگا؟
پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بنگلہ دیشی بلے باز پاکستانی بولرز کی جارحانہ باؤلنگ کے آگے زیادہ بڑا ٹوٹل نہ جما پائے۔ بیس اورز کھیلتے ہوئے انہوں نے 127 سکور کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے بائیس سکور دیتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حارث رؤف کے آگے بھی بنگلہ دیشی بلے بازوں کی زیادہ نہ چلی۔ صرف اکیس سکور بناتے ہوئے ایک کھلاڑی بنگلہ دیشی حارث رؤف کے ہاتھوں گنوا بیٹھے۔ یوں بیس اورز میں بنگلہ دیشی ٹیم کو 127 سکور پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
پاکستان کی باری آئی تو کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے قدر ےسست آغاز کیا۔ بابر اعظم تینتیس گیندیں کھیل کر صرف پچیس رنز بنا کر پویلین لوٹے اور محمد رضوان بتیس گیندوں پر بتیس بنا کر عبادت حسین کی گیند کا شکار ہوئے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں ڈیبیو کرنے والے ہیرو اکیس سالہ محمد حارث نے اس میچ میں بھی پاکستان کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے جارحانہ اٹھارہ گیندوں پر اکتیس رنز پاکستان کے بے حد کام آئے۔ نوجوان حارث پاکستان کی جیت سے ذرا پہلے کیچ آؤٹ ہوئے۔ لیکن اب تک وہ اپنا کام کر چکے تھے۔ ڈیمج ہو چکا تھا۔ آخر میں پاکستانی بیٹنگ ذرا سی لڑکھڑائی لیکن بنگلہ دیشی بولرز زیادہ کچھ کر نہ پائے۔ پاکستان نے پانچ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔
یوں پاکستان قسمت کا سکندر بنتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر گیا۔ پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس سے قبل انیس سو بانوے کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کی اسی طرح کی ملی جلی کارکردگی رہی تھی اور سیمی فائنل نیوزی لینڈ کے ساتھ ہی ہوا تھا۔ کیا بانوے کے ورلڈ کپ کی طرح تاریخ دوہرائی جائے گی یا نہیں، ہمیں ابھی تھوڑا سا انتظار کرنا ہوگا۔