پاکستان سیریز 1 : پاکستانی ثقافت کے 10 خوبصورت رنگ

پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی ثقافت اس کے بین الاقوامی امیج سے بالکل مختلف ہے ۔ برسوں کی خبروں کے میڈیا مبالغہ آرائی کی وجہ سے دنیا بھر کے پاکستانیوں کو اکثر یہ بتانے میں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ ان کی ثقافت کا اصل رنگ کیا ہے۔ پاکستان دنیا بھر میں اپنی مقامی زبانوں، رسم و رواج،خورونوش، محنت، جفا کشی اور دست کاری میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ آئیے پاکستان کی ثقافت کے ان رنگوں کی دل کشی کا جائزہ لیتے ہیں۔

 اس سلسلے کی پہلی تحریر پیش خدمت ہے:

 زبانوں کی رنگ

پاکستان میں بہت سی مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں۔ پاکستان میں فعال طور پر بولی جانے والی زبانوں اور بولیوں کی سرکاری تعداد 73 اور 76 کے درمیان ہے۔ ان میں اردو،پنجابی،پشتو،بلوچی، سندھی اورسرائیکی  بڑی زبانیں ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب آپ ملک کے اضلاع کے درمیان سفر کرتے ہیں تو گھنٹوں کے اندر اندر زبانیں بدلتی چلی جاتی ہیں۔  پاکستان میں زیادہ تر زبانیں ہند ایرانی زبان کے گروپ سے تعلق رکھتی ہیں جن میں قومی زبان اردو بھی شامل ہے۔ "ایتھنو لاگ" ویب سائٹ پر پاکستانی زبانوں کی تفصیل دستیاب ہے۔

 موسیقی سے لگاؤ

پاکستانی موسیقی سننا اور بنانا پسند کرتے ہیں۔ متنوع ثقافت نے پاکستانی موسیقاروں کو زبانوں اور ادب کے ساتھ ساتھ کئی مختلف شاعرانہ اسلوب سے روشناس کرایا ہے۔ قوالی اور غزل پاکستانی قوم کا سمعی خزانہ ہیں۔

اک محقق نے نئی تحقیق فرما دی ہے آج

فن موسیقی سے بھی ممکن ہے انسانی علاج

 قوم نے نصرت فتح علی خان جیسے لیجنڈ گلوکار اور فیض احمد فیض جیسے شاعر بھی پیدا کیے ہیں جنہوں نے ثقافت اور لوگوں کے اجتماعی ضمیر پر زبردست اثر چھوڑا ہے۔ ہم عصر موسیقار بھی جدید انداز کے ساتھ موسیقی ترتیب دے رہے ہیں اور اردو زبان میں بلیوز، فنک، راک اور جاز کے فیوژن تیار کرتے ہیں۔

 مضبوط خاندانی نظام

 پاکستان میں مذہبی، ثقافتی، معاشی اور معاشرتی اقدار کی وجہ سے خاندان پہلے نمبر پر آتا ہے۔ پاکستانی معاشرے کی قیادت انفرادیت پر نہیں بلکہ اجتماعیت سے ہوتی ہے۔  یہاں خاندان اور دوسرے رشتے مضبوط ترین صورت میں موجود ہیں۔

 بہترین کاریگری اور دستکاریاں

پاکستانی ٹرک آرٹ دستکاری کی واحد عالمی مشہور مثال نہیں ہے۔ نسل در نسل گزرے ہوئے پاکستانی دستکاری میں سٹائل، مواد اور جمالیات کی بہتات پائی جاتی ہے۔ عربی میں خطاطی ایک نمایاں مہارت ہے جو بہت سی مقامی عمارتوں اور جگہوں میں نظر آتی ہے ۔ تانبے کا کام، پینٹنگز اور کھدی ہوئی لکڑی ، مٹی کے برتن، خاص طور پر نیلے مٹی کے برتن، جو سندھ اور ملتان کے مخصوص ہیں، اپنی شکل کی وجہ سے پوری دنیا میں پسند کیے جاتے ہیں۔

انگلیوں کے ہنر سے اے اکملؔ

شکل پاتی ہے چاک پر مٹی

نقاشی، یا اونٹ کی کھال کے چراغ بنانے کا فن، رنگین ٹائلوں کے کام کے ساتھ مقامی دستکاری کی ایک اور مثال ہے جو مغلوں کی میراث ہے۔

صوفیوں کی دھرتی

اس دھرتی پر پنپنے والے تصوف نے خوبصورت شاعری اور موسیقی کو جنم دیا ہے۔ پاکستان میں ممبر و محراب کا  اسلامی رنگ  اور اسلامی تصوف دونوں ہی رائج ہیں۔

 صوفی اپنی عقیدت کا کئی رنگوں میں اظہار کرتے ہیں جیسے رقص، شاعری، وجد میں گول گول گھومنا، مراقبہ وغیرہ۔ صوفی شاعری اور موسیقی میں محبت ، امن و آشتی اور بھائی چارے کا پیغام بدرجہ اتم پایا جاتا ہے جو اسلام کی مقبولیت کو عالمگیریت عطا کرنے میں بہت معاون ثابت ہوا ہے۔

 چائے کا شوقین

 پاکستانیوں کو چائے کچھ زیادہ ہی پسند ہے۔ چائے پاکستان میں ہر جگہ موجود ہے ۔چائے سے پاکستانیوں کی والہانہ محبت کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان چائے کا تیسرا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے، حالانکہ کچھ چائے مقامی طور پر بھی اگائی جاتی ہے۔

پاکستانی اپنی پسند کے مطابق اپنی چائے کو دودھ یا پتلے دودھ میں سٹرانگ اور میٹھا بناتے ہیں۔ بعض اوقات خاص مواقع پر چائے میں الائچی اور دیگر مصالحے ڈالے جاتے ہیں۔ کالی چائے کو انگریزوں نے نوآبادیاتی سالوں کے دوران ملک میں متعارف کرایا تھا، لیکن سبز چائے ہزاروں سالوں سے مقامی ثقافت کا حصہ رہی ہے۔ چائے کا وقت دن کا اتنا اہم وقت ہے کہ بہت سے لوگ فائیو سٹار ہوٹلوں میں ہائی ٹی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، جس میں بنیادی طور پر چائے کا بوفے اور اس کے ساتھ لیے جانے والے تمام اعزازی لوازمات شامل ہوتے ہیں۔

وہ چائے کی پیالی پہ یاروں کے جلسے

وہ سردی کی راتیں وہ زلفوں کے قصے

کھیلوں، خاص طور پر کرکٹ سے محبت

پاکستانی کھیلوں بالخصوص کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ کرکٹ بھلے ہی ایک ایسا کھیل رہا ہو جسے انگریزوں نے پاکستان میں متعارف کروایا تھا، لیکن آج اس ملک نے نہ صرف اسے اپنا بنا لیا ہے بلکہ دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیموں میں سے ایک بھی کھڑا کر دیا ہے۔ ہاکی، اسکواش اور بیڈمنٹن جیسے دیگر کھیلوں کو بھی بڑے پیمانے پر کھیلا اور سراہا جاتا ہے۔ پولو کو شمالی علاقہ جات میں بھی ایک خاص مقام حاصل ہے جہاں دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈز میں سے ایک  واقع ہے۔

 شادی بیاہ کی رنگا رنگ تقاریب

 پاکستانی شادیاں ثقافت کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔ ایک شادی آپ کو  مقامی روایات کے بہت سے عناصر سے متعارف کرائے گی۔ پاکستانی شادیوں میں رنگوں کی ایک بھیڑ، سلک اور شفان میں خوبصورتی سے کڑھائی والے کپڑے، مزے دار کھانے، روایتی طور پر سجائے گئے اسٹیجز اور بہت ساری موسیقی اور رقص ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں شادیاں ایک سنجیدہ معاملہ ہیں، جس کی تیاریاں مہینوں پہلے سے شروع ہو جاتی ہیں۔ بہر حال، زیادہ تر مقامی شادیاں تین سے چھ دن تک رہتی ہیں۔

9۔ پاکستانیوں کی زندہ دلی

ہم پاکستانی  پرجوش، جذباتی، ذوقِ اظہار کے مالک اور رنگین لوگ ہیں۔۔۔ بالکل ہماری ثقافت کی طرح۔ ہم جو کچھ بھی پسند کرتے ہیں، بہت جوش وخروش کے ساتھ کرتے ہیں۔ ہم جشن منانا پسند کرتے ہیں، خواہ کوئی بھی موقع ہو۔  دعوتیں دینا، تحائف دینا، پارٹیاں دینا اور دوستوں اور کنبہ والوں کے ساتھ باقاعدہ بڑے اجتماعات کرنا سب ہمارے ہاں بہت عام ہیں۔

زندگی زندہ دلی کا نام ہے

مردہ دل خاک جیا کرتے ہیں

10۔ جفا کش اور محنتی لوگوں کی سرزمین

پاکستانی قوم بے تحاشا غربت اور ناخواندگی کے ساتھ ملک کی معاشی صورتحال سے دوچار ہے۔ دہشت گردانہ حملوں اور بعض غلط حکومتی پالیسیاں کافی بھیانک ثابت ہوئی ہیں۔ ان مصائب سے قطع نظر، ہمارا جذبہ زندہ ہے اور قوم ایک بہتر مستقبل کی امید پر اور کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اگر پاکستانی عوام کو مخلصانہ سیاسی کاوش اور قیادت ملی تو وہ دن دور نہیں جب ہم بھی دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو جائیں گے ۔

ماحصل

اپنے تاریخی، جغرافیائی اور نسلی تنوع کی بدولت پاکستان کی ثقافت ہندوستانی، فارسی، افغان، وسطی ایشیائی، جنوبی ایشیائی اور مغربی ایشیائی اثرات کا ایک حسین مرقع ہے۔ پاکستان میں 15 سے زیادہ بڑے نسلی گروہ ہیں، جو جسمانی خصوصیات، تاریخی خونی خطوط، رسم و رواج، لباس، خوراک اور موسیقی میں مختلف ہیں۔ ان گروہوں میں  پنجابی، سندھی، بلوچ، پشتون، کشمیری، ہزارہ، مکرانی اور بلتی شامل ہیں ۔ قدیم نسلی عناصر کے علاوہ، اسلام کے مذہبی اثرات نے بھی پاکستانی ثقافت کو ایک مظبوط رشتے میں باندھ رکھا ہے۔

جمہوری اور معاشی مایوسی سے پرے پاکستانی سول سوسائٹی کی ایک ایسی دنیا بسی ہوئی ہے جو نہایت دلکش  چیزوں کو برقرار رکھنے کے لیے تمام مشکلات کے خلاف لچک کے ساتھ کام کرتی ہے۔ ہمارے ملک کی ثقافت ایک متحرک ثقافت ہے۔ آئیے پاکستان کو تھوڑا بہتر جاننے کی کوشش کریں۔ پاکستانی ثقافت کی چند دلچسپ اور دلکش خصوصیات کا جائزہ لینے کی کوشش کرتے ہیں:

متعلقہ عنوانات