پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز: سیریز برابر، کیا پاکستان کو اس سے نقصان ہوا؟
سری لنکا نے پاکستان کو 246 رنز سے دوسرے ٹیسٹ میں میں شکست سے دوچار کیا۔اس طرح دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 24 تا 28 جولائی کو کھیلا گیا۔ پاکستان نے پہلی اننگ میں 231 جبکہ دوسری اننگ میں 261 بنائے۔ جبکہ سری لنکا نے پہلی اننگ میں 378 اور دوسری اننگ 360 پر ڈکلیئر کردی۔ پاکستان کو جیتنے کے لیے 508 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
پہلا ٹیسٹ میچ (16 جولائی تا 20 جولائی) میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔سری لنکا نے پہلی اننگ میں 222 اور دوسری اننگ میں 337 رنز بنائے۔ جبکہ پاکستان نے پہلی اننگ میں 218 رنز بنائے۔ سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 342 رنز کا ٹارگٹ دیا جو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
سری لنکا بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ سیریز: کون سی باتیں یاد رکھی جائیں گی؟
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کئی اعتبار سے یادگار رہی۔ سری لنکا نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ سری لنکا کے دورے پر آئے۔ اسی طرح ریکارڈ بھی اس سیریز کے نام رہے۔ چند اہم نکات کا ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے:
1. سری لنکا میں سیاسی ہنگامی حالات
پاکستان کرکٹ ٹیم 6 جولائی کو سری لنکا پہنچی۔ سری لنکا میں اس وقت سیاسی صورت حال ناگفتہ بہ تھی۔ 11 جولائی کو سری لنکا کے صدر گوٹا بایا راجا پاکسے نے استعفیٰ دے دیا۔ سیاسی ہنگامی صورت حال کے باعث خدشہ تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں ہوپائے گا۔ لیکن سری لنکن حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی۔ اس طرح دونوں ٹیسٹ بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی سے منعقد ہوئے۔
2.شکست کے باوجود بابر اعظم چھائے رہے
اگرچہ پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ میچ بڑے مارجن سے شکست ہوئی لیکن سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تحسین کی گئی۔
بابر اعظم آئ سی سی کی ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی ریکنگ میں بلے بازوں میں پہلے نمبر پر راجمان ہیں۔ اس سیریز کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں 2022 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر آچکے ہیں۔انھوں نے 16 اننگز میں 1184 رنز بنائے۔ دل چسپ پہلو یہ ہے کہ گزشتہ 7 اننگز میں انھوں نے چھے ہاف سنچری کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔
3۔ براباتھ جے سوریا: مین آف دی سیریز
سری لنکا کے ابھرتے باؤلر براباتھ کے سوریا نے دو ٹیسٹوں میں 17 وکٹیں لے کر مین آف دی سیریز قرار پائے۔ انھوں نے پہلے ٹیسٹ میں 217 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 197 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
4۔ اینجلو میتھیوز: 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز نے پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل کر 100 ٹیسٹ میچوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔وہ چھٹے سری لنکن کرکٹر ہیں جنھوں نے 100 ٹیسٹ میچوں کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
5۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: سری لنکا تیسری پوزیشن پر
سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 246 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینے پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں وہ تیسرے نمبر پر آچکا ہے۔ جبکہ پاکستان پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔