پاک ترک مشترکہ ڈراما سیریل "صلاح الدین ایوبی" کب ریلیز ہوگا؟
کورونا لاک ڈاؤن کے ساتھ اگر کچھ سب سے زیادہ یاد کیا جائے گا وہ ترکش ڈرامہ سیریل "ارتغرل غازی " ہے ۔ یہ ڈرامہ سیریل ساس بہو کے جھگڑوں اور گھریلو سازشوں کے گرد گھومتی ڈراموں کی کی گھٹن زدہ کہانیوں پر بنے پاکستانی ڈراموں کے ماحول میں یہ ایک تازہ ہوا کا جھونکا تھا ۔ اس نے نئی نسل کو تاریخی ڈراموں کے نئے جینر سے متعارف کروایا ۔گو ماضی میں پاکستان ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے شاندار تاریخی ڈراموں کی ایک روایت رہی ہے ۔ "لبیک"، "ٹیپو سلطان" اور "شاہین" جیسے تاریخی ڈرامے پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک روشن دور کی یادگاروں کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن یہ سب ماضی کا حصہ بن چکے تھے۔ نئی نسل ان ڈراموں کے شاید نام تک نہ جانتی ہو۔
ارتغرل غازی کے آن ائیر ہونے سے ڈراموں میں اسلامی روایات کی اور تاریخی کردار دیکھنے کا ایک نیا ٹرینڈ متعارف ہوا۔ پاکستانی ناظرین میں اسلامی کرداروں کو دیکھنے کا شوق پیدا ہوا ۔ نئ نسل اب اپنی عظمت رفتہ کی داستانیں ڈراموں میں دیکھنا چاہتی ہے ۔ اسی پبلک ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور ترکی کے ڈرامہ سازوں کے اشتراک سے اسلامی تاریخ کے ہیرو صلاح الدین ایوبی کی حیات اور فتوحات پر مبنی ایک ڈرامہ سیریل بنانے کی ابتدائی تیاریاں اب مکمل ہونے کو ہیں ۔
ڈرامہ سیریل "صلاح الدین ایوبی" جو پاکستان اور ترکی کی مشترکہ پیشکش ہے ، اس کی پری پروڈکشن تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ڈرامے کی کاسٹ فائنل ہو چکی ہے جس میں ہمایوں سعید ،عدنان جیلانی ، فرحان علی آغا ، عائشہ عمر اور اُشنیٰ شاہ شامل ہیں ۔
پچھلے دنوں ہمایوں سعید نے جو اپنے اس پراجیکٹ کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں ، اپنے انسٹاگرام پر ڈرامے کے حوالے سے تفصیلات شئیر کیں جو شائقین کے جوش وخروش کے لیے جلتی پر تیل ثابت ہوا ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سطح پر بھی ایسے پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا رشتہ ہمارے شاندار ماضی سے استوار کیا جا سکے