یوم دفاع: وہ کلاسک ڈرامے جو پاک فوج کی بہادری کی یاد دلاتے ہیں
جب بھی پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ڈراموں کا ذکر ہو تو الفا براوو چارلی، شہپر اور دھواں جیسے کلاسک ڈرامے ہماری آنکھوں کے سامنے آجاتے ہیں۔ آج کی اس تحریر میں ہم انہی ڈراموں کا ذکر کریں گے اور دیکھیں گے کیسے ان ڈراموں کی کہانیوں نے عوام کے ذہنوں پر ایسے نقوش چھوڑےکہ مٹائیے نہیں مٹتے۔
1- الفا براوو چارلی:
اس میں کوئی شک کی بات نہیں کہ یہ نوے کی دہائی کا ایک بہترین ڈرامہ تھا جسے پی ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ آج بھی جب کبھی ٹی وی یا سوشل میڈیا پر اس کی کوئی قسط یا صرف چند لمحوں کا ویڈیو کلپ دیکھنے کو ملے تو انسان پورا ڈرامہ دیکھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ تین دوستوںں کے گرد گھومتی اس ڈرامے کی کہانی پاکستانی افواج میں زندگی کا احاطہ کرتی ہے۔ اس کی کہانی بتاتی ہے کہ کیسے فوج کا ہر سپاہی، ہر افسر وطن کی خاطر جان قربان کرنے کیلیے تیار رہتا ہے۔ اس ڈرامے کو شعیب منصور نے پروڈیوس کیا۔ اس میں فروز انعام نے بطور فروز، کیپٹن محمد قاسم خان بطور گلشیر خان، کیپٹن عبداللہ محمود نے بطور کاشف کرمانی، شہناز خواجہ نے بطور شہناز شیر کردار ادا کیا۔ اس ڈرامے میں بوسنیا میں سربین آرمی کی طرف سے مسلمانوں پر مظالم اور قتل عام سے بھی پردہ اٹھایا گیا ہے۔2- سنہرے دن:
1991 میں اس ڈرامے کے ذریعے ایک نئی طرح کے ڈراموں کی بنیاد پڑی، جس میں افواج کے سپاہیوں ، کیڈٹس اور افسران کی زندگی کی عکس بندی کی جانے لگی۔ اسکو شعیب منصور نے لکھا اور پی ٹی وی نے نشر کیا۔ اس ڈرامے میں کاکول میں کیڈٹس کی تربیت کو تفصیل سے دکھایا گیا ہے اور اس کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ماں کی خواہش کے برخلاف پاکستان آرمی میں داخل ہوتا ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے جونیر اور سینیر کیڈٹس کے درمیان نٹ کھٹ چلتی ہے۔ سلیم شیخ، کیپٹن قاسم خان، کرن اور عالیہ کاظمی جیسے بڑے فنکاروں نے اس ڈرامے میں اپنے فن کے جوہر دکھاۓ۔3- سپاہی مقبول حسین:
سپاہی مقبول حسین ہماری افواج کی تاریخ کا ایک ایسا کردار ہے جس نے چالیس سال ملک کی خاطر بھارتی جیلوں میں اذیتیں سہیں۔ ہمارے اس عظیم ثپوت کو خراج تحسین پیش کرتا اور بھارتی جیلوں میں ان پر مظالم کی داستانیں سناتا یہ ڈرامہ 2008 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ یہ ڈرامہ سپاہی مقبول حسین کی رہائی کے بعد نشر کیا گیا۔ حسن نیازی نے اس ڈرامے میں سپاہی مقبول حسین کا کردار نبھایا اور اسے آرمی کے تعلق عامہ کے ادارے اور انٹر فلو کمیونیکیشن کے اشتراک سے پیش کیا گیا۔4- شہپر:
1997 میں نشر ہونے والا یہ ڈرامہ ان چند ڈراموں میں سے ایک ہے جس میں پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ یہ ڈرامہ ایک ایسے ہوا باز کی زندگی کی عکاسی کرتا ہے جو کہ دنیا کا ایک بہترین ہوا باز ہے اور اپنے گمشدہ باپ کی تلاش میں ہے۔ اس ہوا باز کا کردار فیصل رحمان نے ادا کیا اور اس ڈرامے میں ان کی موت ایسی تھی کہ جو آج تک ناظرین کے ذہنوں پر نقش کیے ہوۓ ہے۔ یہ ڈرامہ مستنسر حسین تاڑڑ کی تحریر تھا اور اس کے ہدایت کار قیصر فاروق تھے۔پاک فوج پر ٹی وی ڈرامے دوسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کیجیے
5- غازی شہید:
پاکستان کی بحری افواج کو خراج تحسین پیش کرتا یہ ڈرامہ حقیقت میں پاک افواج کی کامیاب مشن کے باوجود واپس نہ لوٹنے والی آبدوز کی کہانی کو عکس بند کرتا ہے۔ اس کی انتہائی عمدہ تحریر، عمدہ عکس بندی اور اداکاری نے اسے آج تک عوام کے ذہنوں میں محفوظ رکھا ہوا ہے۔ شبیر جان، عدنان جیلانی، ، ہمایو سعید، غالب کمال، ، شہزاد رضا اور رضوان واسطی ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اس ڈرامے میں جان ڈال دی۔ اس ڈرامے میں پہلی دفعہ پاکستان میں پانی کے اندر مناظر عکس بند ہوۓ۔ اس ڈرامے کو تحریر اسد محمد خان نے کیا جبکہ کاظم پاشا نے ہدایت کاری کی۔