پانی

پانی سے ہویدا ہوتی ہے دنیا میں خدا کی رحمت بھی
پانی میں دکھائی دیتی ہے تصویر عذاب و لعنت بھی
پانی کی بدولت ملتی ہے انساں کو غذا کی نعمت بھی
سیلاب کی صورت میں پانی لاتا ہے جہاں پر آفت بھی
اک جھیل کے گہرے پانی پر اس وقت جمی ہے میری نظر
افکار ہیں ڈانوا ڈول مرے جذبات ہیں میرے زیر و زبر
میں خوشی خوشی اتروں اس میں اور سطح پہ تیروں ہنس ہنس کر
یا ڈوب کے اس کی لہروں میں پا جاؤں غم ہستی سے مفر