نثری نظم
نثر ابا نظم اماں دونوں کو انکار ہے
یہ جو نثری نظم ہے یہ کس کی پیدا وار ہے
صرف لفاظی پہ مبنی ہے یہ تجریدی کلام
جس میں عنقا ہیں معانی لفظ پردہ دار ہے
نثر ہے گر نثر تو وہ نظم ہو سکتی نہیں
نظم جو ہو نثر کی مانند وہ بیکار ہے
قافیے کی کوئی پابندی نہ ہے قید ردیف
بے در و دیوار کا یہ گھر بھی کیا پرکار ہے
بحر سے آزاد قید وزن سے ہے بے نیاز
واہ کیا مادر پدر آزاد یہ دل دار ہے
مرتبے میں میرؔ و مومنؔ سے ہے ہر کوئی بلند
ان میں ہر بے بحر غالب سے بڑا فن کار ہے
جس کے چمچے جتنے زیادہ ہوں وہ اتنا ہی عظیم
آج کل مصرع اٹھانا ایک کاروبار ہے
داد صرف اپنوں کو دیتے ہیں گروہ اندر گروہ
ان کے ٹولے سے جو باہر ہو گیا مردار ہے
بن گیا استاد و علامہ یہاں ہر بے شعور
کور چشم اہل نظر ہونے کا دعویدار ہے
شاعری جز شاعری ہے ہے ذرا محنت طلب
اور محنت ہی وہ شے ہے جس سے ان کو عار ہے
پاپ میوزک کے لیے موزوں ہے نثری شاعری
ہر روایت سے بغاوت کی یہ دعویدار ہے
طبع موزوں گر نہ بخشی ہو خدا نے آپ کو
شاعری کیوں کیجے آخر کیا خدا کی مار ہے
داد دینا ایسی نظموں کو بڑی بے داد ہے
جو نہ سمجھا اور کہے سمجھا بڑا مکار ہے