نسیم شاہ نے کتنوں کے دل جیتے اور کتنوں کے دل توڑے؟

 

 ایشیا کپ کا افغانستان اور پاکستان ٹاکرا یقیناً ایک تاریخی میچ تھا جیسا کہ بھارت کے سابقہ عالمی شہرت یافتہ کوچ اور کرکٹ کومنٹیٹر راوی شاستری نے کہا۔ ہمارے نسیم شاہ تو بھارتی اداکارہ اروشی روتیلا کی ویڈیو کی وجہ سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر ڈیمانڈ میں تھے۔ کل کے آخری دو چھکوں نے تو ان کی شہرت کو چار چاند ہی لگا دیے۔ 

 وسیم اکرم نے ٹوئیٹر پر لکھا

کیا ہی میچ تھا۔ ایسا دھماکے دار اختتام تو میں بھی کبھی اس عمر میں نہیں کر پایا! نوجوان نسیم کے کیا ہی چھکے تھے۔ میں اس وقت ٹیم کا حصہ تھا جب جاوید میاں داد نے آخری گیند پر چھکا مارا تھا۔ آج چھبیس سال بعد میں نے اسی طرح کےآخری اوور کے دو چھکے دیکھیں ہیں۔

شعیب اختر نے ٹوئیٹر پر لکھا:

"ناقابل یقین! کیا ہی میچ تھا۔

 کرکٹرز تو کرکٹرز پاکستان کی تعریف میں شوبز کے ستارے بھی پیچھے نہ رہے۔

اداکارہ کبری خان نے لکھا:

"ہائے! میرا تو دل چاہ رہا ہے میں خود ٹیم کی نظر اتار لوں کہیں نظر نہ لگ جائے۔ ماشاللہ۔۔۔ ماشاللہ!"

ہمائیوں سعید نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں تصویر شئیر کرتے ہوئے نسیم شاہ کو داد دی۔ 

 بھارتی اداکارہ اروشی روتیلا کے بعد ایک اور ہمسائیہ ملک کی اداکارہ نسیم شاہ کی فین نکلیں۔ بھارتی اداکارہ سربی جیوتی نے ٹوئیٹر پر لکھا۔ 

"پاکستان کو واقعی ایک ہیرا مل گیا ہے۔"

 شوبز ستاروں کے ساتھ ساتھ خود پاکستانی کھلاڑی بھی ایک دوسرےخصوصاً نسیم شاہ کی تعریف کرتے نظر آئے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹوئیٹر پر اپنی ٹیم کو سراہتے ہوئے نسیم شاہ کو خوب داد دی۔ شاہین شاہ نے نسیم شاہ کے لیے لکھا کہ میں ہمیشہ سے جانتا ہوں کہ میرا بھائی کسی خاص کام کے لیے بنا ہے۔ 

نسیم شاہ نے خود کو ملنے والی محبتوں کا شکریہ کچھ ان الفاظ میں ادا کیا۔

یہ جیت ان سب لوگوں کے نام جو ہمیشہ ہمیں سپورٹ کرتے ہیں۔ آپ سب کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔

متعلقہ عنوانات